سورة الحج - آیت 63
أَلَمْ تَرَ أَنَّ اللَّهَ أَنزَلَ مِنَ السَّمَاءِ مَاءً فَتُصْبِحُ الْأَرْضُ مُخْضَرَّةً ۗ إِنَّ اللَّهَ لَطِيفٌ خَبِيرٌ
ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب
کیا آپ نے نہیں دیکھا کہ اللہ تعالیٰ آسمان سے پانی برساتا ہے، پس زمین سر سبز ہوجاتی ہے، بیشک اللہ تعالیٰ مہربان اور باخبر ہے۔
تفسیر ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد
آیت (٦٣) میں اس انقلاب حال کی مثال دے دی، کیا تم نے یہ منظر نہیں دیکھا ہے کہ سوکھی زمین پر پانی برستا ہے اور پھر وہ اچانک سرسبز ہو کر لہلہانے لگتی ہے؟ ایسا ہی حال اس معاملہ کا بھی سمجھو۔ انسانی سعادت کی زمین پر بھی خشک سالی کا عالم چھا جاتا ہے۔ پھر جب سرسبزی کا موسم آتا ہے تو بارش کا ایک چھنیٹا انقلاب حال پیدا کردیتا ہے وہ موسم اب آچکا اور انقلاب کچھ دور نہیں۔