وَمَا أَرْسَلْنَا قَبْلَكَ إِلَّا رِجَالًا نُّوحِي إِلَيْهِمْ ۖ فَاسْأَلُوا أَهْلَ الذِّكْرِ إِن كُنتُمْ لَا تَعْلَمُونَ
تجھ سے پہلے بھی جتنے پیغمبر ہم نے بھیجے سبھی مرد تھے (١) جن کی طرف ہم وحی اتارتے تھے پس تم اہل کتاب سے پوچھ لو اگر خود تمہیں علم نہ ہو (٢)
آیت (٧) میں ان کے اس وہم کا رد کیا ہے کہ نبیوں کو آدمیوں کی طرح نہیں ہونا چاہیے۔ کچھ اور ہونا چاہیے، فرمایا : یہودیوں اور عیسائیوں سے پوچھ لو، خدا کے جو پیغمبر پہلے آچکے ہیں وہ آدمیوں ہی کی طرح تھے، یا ہوا میں اڑا کرتے تھے ؟ مشرکین مکہ از راہ تحقیر کہا کرتے تھے ( ما لھذا الرسول یاکل الطعام و یمشی فی الاسواق؟) یہ کیسا نبی ہے کہ آدمیوں کی طرح غذا کا محتاج ہے اور بازاروں میں پھرتا ہے ؟ فرمایا ہم نے کسی کو ایدا دھڑ نہیں دیا کہ اسے غذا کی احتیاج نہ ہو اور ہمیشہ زندہ رہے۔ ہمارا قانون حیات یہی ہے کہ جسم ہوگا تو اسے قائم رہنے کے لیے غذا کی احتیاج بھی ہوگی۔