سورة مريم - آیت 85

يَوْمَ نَحْشُرُ الْمُتَّقِينَ إِلَى الرَّحْمَٰنِ وَفْدًا

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

جس دن ہم پرہیزگاروں کو اللہ رحمان کی طرف بطور مہمان جمع کریں گے۔

تفسیر ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اب کہ سورت ختم ہورہی ہے سلسلہ بیان پھر اسی مطلب کی طرف رجوع ہوگیا ہے جو اوائل سورت میں چھڑ گیا تھا، یعنی حضرت مسیح کی شخصیت کے بارے میں عیسائیوں کی گمراہی۔ چنانچہ آیت (٨٥) میں فرمایا قیامت کے دن تمام انسان دو گروہوں میں بٹ جائیں گے، ایک متقیوں کا ہوگا، دوسرا مجرموں کا، متقی اپنے ایمان و عمل کی جزا میں نجات پائیں گے، مجرم اپنے انکار و بدعملی کی پاداش میں عذاب۔ یہ بات کسی کے اختیار میں نہ ہوگی کہ دنیا کے درباروں کی طرح جسے چاہے اپنی سفارش سے چھڑا لے، پس عیسائیوں نے جو حضرت مسیح کو نوع انسانی کے گناہوں کا کفارہ دینے والا اور اس کا شفیع و منجی تصور کرلیا ہے وہ صریح گمراہی نہیں ہے تو کیا ہے۔