وَمِمَّنْ حَوْلَكُم مِّنَ الْأَعْرَابِ مُنَافِقُونَ ۖ وَمِنْ أَهْلِ الْمَدِينَةِ ۖ مَرَدُوا عَلَى النِّفَاقِ لَا تَعْلَمُهُمْ ۖ نَحْنُ نَعْلَمُهُمْ ۚ سَنُعَذِّبُهُم مَّرَّتَيْنِ ثُمَّ يُرَدُّونَ إِلَىٰ عَذَابٍ عَظِيمٍ
اور کچھ تمہارے گردو پیش والوں میں اور کچھ مدینے والوں میں ایسے منافق ہیں کہ نفاق پر اڑے (١) ہوئے ہیں، آپ ان کو نہیں جانتے (٢) ان کو ہم جانتے ہیں ہم ان کو دوہری سزا دیں گے (٣) پھر وہ بڑے بھاری عذاب کی طرف بھیجے جائیں گے۔
آیت (١٠١) میں منافقوں کے ایک خاص گروہ کا ذکر کیا جو اطراف مدینہ کے بدوی قبائل میں بھی تھے اور شہری باشندوں میں بھی۔ فرمایا (مردوا علی النفاق) یہ نفاق میں مشاق اور حاذق ہوگئے ہیں۔ یعنی منافقانہ زندگی میں رہتے رہتے اس کی ایسی مشق و مزاولت ہوگئی ہے کہ نو آموزوں کی طرح پکڑے نہیں جاسکتے۔ جو کچھ اور نو آموز ہیں ان کے لیے مشکل ہے کہ اپنی دلی حالت چھپائے رکھیں۔ وہ ان کے چہروں پر ابھر ہی آتی ہے اور باتوں سے ٹپکنے ہی لگتی ہے لیکن یہ لوگ اس بناوٹ کے ایسے عادی ہوگئے ہیں کہ ممکن نہیں عام نگاہیں تاڑ سکیں۔ ہم انہیں دو مرتبہ عذاب دیں گے، یعنی یہ اپنی دہری استعداد نفاق کی وجہ سے دہرے عذاب کے مستحق ہوگئے، پہلی استعداد یہ کہ منافق ہوئے دوسری یہ کہ اس میں کامل و مشاق ہوگئے۔ قرآن نے جابجا یہ حقیقت واضھ کی ہے کہ اعمال کے نتائج ٹھیک ٹھیک ان کی حالت اور درجہ کے مطابق نکلتے ہیں۔ اگر ایک شخص نے زہر کھالیا لیکن ہلکے قسم کا تو نتیجہ بھی ہلکے قسم کی مضرت کا نکلے گا۔ لیکن اگر زہر قاتل ہے تو نتیجہ بھی قاتل ہوگا۔ ایسا ہی قانون روحانی زندگی میں بھی کام کر رہا ہے اور اچھائیوں کی طرح برائیوں کے بھی اقسام و مدارج ہیں۔