وَبِكُفْرِهِمْ وَقَوْلِهِمْ عَلَىٰ مَرْيَمَ بُهْتَانًا عَظِيمًا
ان کے کفر کے باعث اور مریم پر بہت بڑا بہتان باندھنے کے باعث (١)
بہتان عظیم : (ف2) ان آیات میں یہودیوں کے موٹے موٹے جرائم بیان کئے ہیں کہ کیونکر وہ خدا کے غضب وغصہ کے مستحق بنے فرمایا نقض میثاق کی وجہ سے یعنی اس لئے انہوں نے ہمیشہ شریعت کی مخالفت کی اور کفر کی وجہ سے دائما اللہ کی نشانیوں کو جھٹلایا اور اس لئے بھی کہ انبیاء علیہم السلام سے مخاصمت ومقاتلہ جاری رکھا ، یہ سب اس لئے کہ وہ کہتے تھے ﴿قُلُوبُنَا غُلْفٌ ﴾ یعنی ہمیں تیری باتیں نہیں بھاتیں ، دلوں میں پردے حائل ہیں ، فرمایا درست کہتے ہیں ان کے دل حق ویقین کی صلاحیت سے قطعا محروم ہوچکے ہیں اور خدا نے مستمرہ قانون کے ماتحت ان کے دلوں پر بالآخر مہر کردی ہے ۔ سب سے بڑا گناہ ان کا یہ خبث نفس ہے کہ مریم علیہا السلام عذرا کو متہم گردانتے ہیں ، حالانکہ ان کو اس حالت میں اس لئے ” والدہ “ کے اعزازسے نوازا گیا کہ تمہاری مادہ پرست آنکھیں کھلے مجاز کو دیکھیں اور اس لئے بھی کہ تم خرق عادات کو زیادہ اہمیت نہ دو اور مصالح اللہ کے ماتحت خیال کرو ۔تفصیل کے لئے دیکھو سورۃ آل عمران ۔ حل لغات : غُلْفٌ: جمع غلاف ۔ غیر ۔