سورة النسآء - آیت 105

إِنَّا أَنزَلْنَا إِلَيْكَ الْكِتَابَ بِالْحَقِّ لِتَحْكُمَ بَيْنَ النَّاسِ بِمَا أَرَاكَ اللَّهُ ۚ وَلَا تَكُن لِّلْخَائِنِينَ خَصِيمًا

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

یقیناً ہم نے تمہاری طرف حق کے ساتھ اپنی کتاب نازل فرمائی ہے تاکہ تم لوگوں میں اس چیز کے مطابق فیصلہ کرو جس سے اللہ نے تم کو شناسا کیا ہے (١) اور خیانت کرنے والوں (٢) کے حمایتی نہ بنو۔

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

قرآن حقائق محسوسہ کا نام ہے : (ف2) ﴿إِنَّا أَنْزَلْنَا إِلَيْكَ الْكِتَابَ بِالْحَقِّ کے معنی یہ ہیں کہ جو کچھ افق اعلی سے حضور (ﷺ) کے قلب اقدس پر نازل ہوا ہے وہ حق یعنی قطعی صلت وصفا سے حالات وظروف کے بالکل مطابق ہے ، علوم ومحسوسات کے موافق ہے اور کوئی چیز اس میں غیر موزوں اور غیر متناسب نہیں ۔ ﴿بِمَا أَرَاكَ اللَّهُ﴾سے مراد یہ ہے ‘ یہ قرآن حتما وسعت ومشاہدہ کے ہم پلہ ہے ، اس کی قطعیت میں کوئی احتمال شک وشبہ نہیں ، یہ محسوس حقیقت ہے جس کی تجلیات قلب اطہر پر جلوہ کناں ہیں ۔ ﴿وَلَا تَكُنْ لِلْخَائِنِينَ خَصِيمًا﴾اور اس قبیل کی تمام آیات جو اس کے بعد مذکور ہیں ، منصب نبوت کی توضیح کے لئے ہیں یعنی بتانا یہ مقصود ہے کہ نبی دنیا میں سچا حکم ہو کر آتا ہے اس سے غدر وخیانت کی توقعات اس کے منصب کی توہین ہے وہ ہر وقت جانب باری سے طالب عفو وبرکات رہتا ہے ، وہ کبھی خائن اور جھوٹے گروہ کی حمایت نہیں کرتا ، مگر انداز بیان اس نوع کا اختیار ہے جس سے وہ لوگ جو قرآن کے اسالیب بیان کی حکمتوں اور لطافتوں سے واقف نہیں ‘ بدظن ہوجاتے ہیں اور کہتے ہیں دیکھئے آپ کے پیغمبر معصوم نہیں ۔ قرآن حکیم آپ کو استغفار دے رہا ہے وہ نادان یہ نہیں سمجھتے کہ عصمت ومحفوظیت تو شرط اول ہے ۔ کسی بشر کا عہدہ نبوت پر سرفراز ہونا اس کے معنی ہی یہ ہیں کہ اب وہ لوگوں کو گناہوں سے پاک کرے گا اور معصوم بنائے گا ﴿وَيُزَكِّيهِمْ﴾ کے عمل تطہیر سے دلوں کی پاکیزگی اور نیکی سے معمور کر دے گا ، اس لئے خود اس کے متعلق عصمت کا درجہ ثابت کرنا ایسا ہی ہے جیسے خدا کے لئے کامل علم وحکمت یا توحید : تفرید ۔ کیونکہ خدا تو کہتے ہی اس ذات والا صفات کو ہیں جو علیم وحکیم ہو اور جس کا کوئی شریک نہ ہو ۔ نبی کا اشتقاق نبوۃ سے ہے جس کے معنی رفعت اور بلندی کے ہیں ۔ یعنی وہ انسان جو عام انسانوں سے بہت بلند وارفع ہے ۔ اصل میں ان آیات میں ایک خاص واقعہ کی طرف اشارہ ہے ۔ طعمہ ایک شخص تھا جس نے ایک زرہ چرائی اور کہا کہ یہودی نے چرائی ہے اور مسلمانوں کی ایک جماعت کو آمادہ کرلیا کہ وہ اس کی برات کا اظہار کریں اور یہودی کو متہم ٹھہرائیں ۔ یہ بات حضور (ﷺ) تک پہنچی ، آپ متامل رہے تاآنکہ یہ آیات نازل ہوئیں جس سے طعمہ اور اس کے گروہ کو کامل مایوسی ہوئی ۔ حل لغات: خَصِيم: جھگڑالو ۔ جھگڑا کرنے والا ۔