وَالنَّاشِطَاتِ نَشْطًا
بند کھول کر چھڑا دینے والوں کی قسم (١)
(ف 1) ﴿النَّاشِطَاتِ﴾ سے وہ فرشتے جو مسلمانوں کی جان کو بسہولت قبض کرلیتے ہیں ۔ گویا کہ زندگی کی گرہ کو اپنے ناخن تدبیر سے عمدگی کے ساتھ کھول دیتے ہیں ۔ ﴿السَّابِحَاتِ﴾سے وہ ملائکہ جو فضا میں طاعت اور فرمانبرداری کے لئے تیرتے پھرتے ہیں اور جہاں کوئی حکم صادر ہوتا ہے تعمیل کے لئے لپکتے ہوئے جاتے ہیں۔ ﴿فَالسَّابِقَاتِ﴾سے وہ جو مرتبہ ومقام میں ایک دوسرے سے آگے نکل جانے کی کوشش کرتے ہیں اور ﴿فَالْمُدَبِّرَاتِ أَمْرًا ﴾سے وہ جو نظام عالم کی دیکھ بھال پر مقرر ہیں اور جن کے فرائض میں یہ داخل ہے کہ ساری کائنات کی ضروریات کی تکمیل کے لئے کوشاں رہیں ۔ اس تعبیر وتاویل کی صورت میں غرض یہ ہے کہ جب تم لوگ موت وحیات اور اس کی کیفیتوں پر غور کرو گے اور فرشتوں کے فرائض کو دیکھو گے اور تمہیں معلوم ہوگا کہ ان کے اختیارات کس حد تک ہیں تو تمہیں معلوم ہوگا کہ اللہ تعالیٰ ہر آن عالم کی ہلاکت اور تعمیر پر قادر ہے اور بےشمار فرشتے اور ملائکہ اس کے اشارہ چشم وابرو پر عالم کو تہ وبالا کردینے کے لئے ہر وقت تیار ومستعد ہیں ۔ وہ جب چاہے گا اس دنیا کو بآسانی ختم کردے گا اور جب چاہے گا پھر اس کو زندگی کی نعمت سے مشرف کردے گا ۔ امام حسن بصری (رح) کی رائے ہے کہ ان شواہد سے مقصود ستارے ہیں ۔ ﴿النَّازِعَاتِ ﴾وہ ہیں جن کا مطلع ومغرب دور دور ہیں اور ان کی حدود وسعی کافی وسیع ہیں ۔ ﴿النَّاشِطَاتِ﴾وہ ہیں جن کی طوع وغروب کی منزل بہت قریب قریب ہے اور وہ ہنسی خوشی اسکو طے کرلیتے ہیں ۔