سورة الجمعة - آیت 9

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِذَا نُودِيَ لِلصَّلَاةِ مِن يَوْمِ الْجُمُعَةِ فَاسْعَوْا إِلَىٰ ذِكْرِ اللَّهِ وَذَرُوا الْبَيْعَ ۚ ذَٰلِكُمْ خَيْرٌ لَّكُمْ إِن كُنتُمْ تَعْلَمُونَ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

اے وہ لوگوں جو ایمان لائے ہو! جمعہ کے دن نماز کی اذان دی جائے تو تم اللہ کے ذکر کی طرف دوڑ پڑو اور خرید و فروخت چھوڑ دو (١) یہ تمہارے حق میں بہت ہی بہتر ہے اگر تم جانتے ہو۔

تفسیر سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

نماز جمعہ ف 1: اسلام میں اجتماعیت کو ہمیشہ ملحوظ رکھا گیا ہے ۔ اس کی عبادات میں یہ بات خصوصیت کے ساتھ موجود ہے ۔ کہ وہ نوع انسانی کے لئے کیونکر زیادہ سے زیادہ تعاون اور تناصر کے جذبات کو پیدا کیا جاسکتا ہے ۔ نماز ہی کو دیکھئے ۔ کہ علاوہ روحانی فوائد کے اس کا بین فائدہ یہ ہے ۔ کہ مسلمان پانچ وقت باقاعدہ اپنے محلہ کی مسجد میں جمع ہوتے ہیں ۔ ایک صف میں کھڑے ہوتے ہیں ۔ اور ایک امام کے پیچھے نماز ادا کرتے ہیں ۔ گویا صرف محلے کے لوگوں کے لئے دن اور رات میں پانچ وقت ضروری ہے ۔ کہ ایک جگہ جمع ہوں ۔ اور اپنی فلاح وبہبود کے متعلق سوچیں ۔ اور غور کریں ۔ جمعہ نماز پنجگانہ کی زیادہ کامل صورت ہے ۔ اس کے معنے یہ ہیں ۔ کہ ہفتہ میں ایک دن چھوٹے چھوٹے اجتماعات ایک بڑے اجتماع کی شکل اختیار کرلیں ۔ اور مسلمان انپا کاروبار ترک کرکے خدا کے حضور میں جمع ہوجائیں ۔ اور دنیا والوں پر ثابت کردیں ۔ کہ مسلمانوں کے دل میں کس درجہ خدا پرستی ہے ۔ اور وہ کس درجہ متحد اور متمدن ہیں *۔ جمعہ کی نماز میں بالخصوص جو روحانیت اور مسرت حاصل ہوتی ہے ۔ اس کو کچھ وہی لوگ محسوس کرتے ہیں ۔ جو اس بابرکت اجتماع میں شریک ہوتے ہیں ۔ اسی لئے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے اس کی اہمیت بہت زور کے ساتھ بیان فرمایا ہے ۔ حدیث میں آیا ہے ۔ کہ جو شخص تین جمعوں میں عمداً شریک نہیں ہوتا ہے ۔ اس کا دل حلاوت ایمان سے محروم ہوجاتا ہے * فرضیت جمعہ کے سلسلے میں ہمارے ہاں ایک نہایت ہی ناگوار بحث یہ ہے ۔ کہ دیہات میں جمعہ کی نماز ہوسکتی ہے یا نہیں ۔ حالانکہ جہاں تک قرآن کا تعلق ہے ۔ وہ واضح ہے ۔ وہ اس کو ایک نماز قرار دیتا ہے ۔ اور اس کے لئے اتنا کافی ہے کہ آذان کی ضرورت محسوس ہو ۔ اور خطبہ وذکر کو لوگ سن سکیں ۔ اور کاروبار کو آسانی کے ساتھ چھوڑ سکیں ۔ یعنی اتنا اجتماع کہ اس کے لئے ذکر اور خطبہ کا اہتمام موزوں ہو ۔ اور ان کی اصلاح کے لئے ہفتہ وار اجتماعات مفید ثابت ہوسکیں ۔ محض اس بنا پر کہ وہ دیہات میں ہیں ۔ جمعہ کی برکات سے محروم رہیں ۔ یہ کوئی معقول بات نہیں *۔