سورة آل عمران - آیت 112

ضُرِبَتْ عَلَيْهِمُ الذِّلَّةُ أَيْنَ مَا ثُقِفُوا إِلَّا بِحَبْلٍ مِّنَ اللَّهِ وَحَبْلٍ مِّنَ النَّاسِ وَبَاءُوا بِغَضَبٍ مِّنَ اللَّهِ وَضُرِبَتْ عَلَيْهِمُ الْمَسْكَنَةُ ۚ ذَٰلِكَ بِأَنَّهُمْ كَانُوا يَكْفُرُونَ بِآيَاتِ اللَّهِ وَيَقْتُلُونَ الْأَنبِيَاءَ بِغَيْرِ حَقٍّ ۚ ذَٰلِكَ بِمَا عَصَوا وَّكَانُوا يَعْتَدُونَ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

ان کو ہر جگہ ذلت کی مار پڑی الا یہ کہ اللہ تعالیٰ کی یا لوگوں کی پناہ میں ہوں (١) یہ غضب الٰہی کے مستحق ہوگئے اور ان پر فقیری ڈال دی گئی یہ اس لئے کہ یہ لوگ اللہ تعالیٰ کی آیتوں سے کفر کرتے تھے اور بے وجہ انبیاء کو قتل کرتے تھے یہ بدلہ ہے ان کی نافرمانیوں اور زیادتیوں کا (٢

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

کفر کی شکست : ان آیات میں بتایا ہے کہ یہ لوگ مسلمانوں کو کوئی مادی فائدہ نہیں پہنچا سکتے ، جب مسلمانوں کے مقابلہ میں آئیں گے تو خائب وخاسر ہی لوٹیں گے ، ان کے کفر والحاد کی وجہ سے کہ انہوں نے دعوت حق کو ٹھکرایا ہے اور انبیاء کی مخالفت کی ہے ، انہیں ذلت ومسکنت سے دو چار ہونا پڑے گا ، الا یہ کہ خدا کے جبل متین کو مضبوطی سے پکڑ لیں ، دیکھو ! قرآن حکیم کی یہ پیشگوئی کس قدر واضح طور پر ثابت ہوئی ، اہل کتاب باوجود کثرت کے شکست کھا گئے ان کے علم رفیع کے سامنے سرنگوں ہوگئے ، قرآن حکیم علی الاعلان یہ کہتا ہے کہ کفر ہمیشہ مغلوب رہے گا ان کی ہمیشہ فتح ہوگی ، اس لئے کہ حق وباطل کی آویزش میں حق کا پلہ بھاری رہتا ہے ۔ اور باطل کے پاؤں نہیں ہوتے۔ یہ وقت ہے جب مقابلہ صحیح مومن اور کافر کے درمیان ہو ۔ مسلمان برائے نام ہو اور کافر تمام اچھی صفات سے متصف ہو تو اس وقت ضروری نہیں کہ خدا کی رحمتیں ایسے مسلمانوں کے شامل رہیں ۔ آج کل بالکل یہی کیفیت ہے ، وہ جو غیر مسلم ہیں ‘ ان میں اکثر اسلامی خوبیاں موجود ہیں ، وہ آپس میں اتفاق رکھتے ہیں ، ان میں تعاون وہمدردی کا مادہ موجود ہے ، وہ تعلیم وحرفت میں ‘ دولت وسرمایہ میں مسلمان سے کہیں آگے ہیں ، اور مسلمان ایک دوسرے کے ساتھ دست وگریبان ہے ، مفلس ہے اور جاہل ، بتائیے ان حالات میں کیونکر وہ خدا کی نعمتوں کا مستحق ٹھہر سکتا ہے کیا اس لئے کہ اس کا نام عبداللہ یا عبدالرحمان ہے یا اس لئے کہ وہ موروثی طور پر مسلمان ہے ۔ حل لغات: ثُقِفُوا: فعل ماضی مجہول۔ مادہ ثقف۔ پانا۔