يَا نِسَاءَ النَّبِيِّ لَسْتُنَّ كَأَحَدٍ مِّنَ النِّسَاءِ ۚ إِنِ اتَّقَيْتُنَّ فَلَا تَخْضَعْنَ بِالْقَوْلِ فَيَطْمَعَ الَّذِي فِي قَلْبِهِ مَرَضٌ وَقُلْنَ قَوْلًا مَّعْرُوفًا
اے نبی کی بیویو! تم عام عورتوں کی طرح نہیں ہو (١) اگر تم پرہیزگاری اختیار کرو تو نرم لہجے سے بات نہ کرو کہ جس کے دل میں روگ ہو وہ کوئی برا خیال کرے (٢) اور ہاں قاعدے کے مطابق کلام کرو۔
امہات المومنین ف 1: پردہ نشینان حرم نبوت کی ذمہ داریاں عام عورتوں سے کہیں زیادہ ہیں ۔ اس لئے جہاں ان کے لئے برائی کے ارتکاب پر دوگنی سزا تجویز فرمائی ہے ۔ وہاں ان کے لئے اجروثواب میں دوچند رکھا ہے ۔ کیونکہ وہ ساری امت کی عورتوں کے لئے پاکبازی اور عفاف میں نمونہ ہیں ۔ ان کے لئے ہر بات میں تقویٰ ووقار کا خیال رکھنا ضروری ہے ۔ ان کے ہر فعل میں یہ ضروری ہے ۔ کہ پیغمبرانہ تربیت کا حسن نمایاں ہو ۔ اس لئے ان کو بالطبع اس درجہ آزادی اور سہولت میسر نہیں ہوتی ۔ جس درجہ کہ عام دوسری مومنات کو حاصل ہے ۔ بلکہ ان کی زندگی کا شانہ نبوی کی روایات تقدیس و وقار کے مطابق ہوتی ہے ۔ اور پھر ساتھ ساتھ یہ بھی لازم ہے کہ یہ مخدرات اس پاکیزہ زندگی کے لئے رضاکارانہ طور پر بھی تیار ہوں ۔ ان پر کوئی جبر نہیں ہوتا ۔ یہ خود اس معیار کو نبھانے کے لئے کوشاں رہتی ہیں ۔ جو ان کے لئے موزوں ہوتا ہے ۔ لہٰذا یہ قدرتاً دوسری عورتوں سے زیادہ ثواب اور اجر کی مستحق ہیں *۔ ف 2: اس آیت میں واضح طور پر بتادیا گیا ہے ۔ کہ امہات المومنین کا درجہ امت کی تمام عورتوں سے زیادہ ہے ۔ اس لئے انہیں مشکوٰۃ نبوت سے کسب انوار کا سب سے زیادہ موقع ملتا ہے ۔ یہ شمع رسالت پر ہر وقت پروانہ وار نثار ہونے کو تیاررہتی ہیں ۔ اور قرب حضوری کا جو درجہ ان کو حاصل ہے ۔ وہ دوسری عورتوں کو حاصل نہیں ہوسکتا *۔ اسی آیت میں عقاف کے تحفظ اور ناموس کی بقاء کا ایک نہایت باریک ممکنہ ارشا فرمایا ہے ۔ جو تمام مخدرات کے لئے یکساں ضروری اور اہم ہے ۔ حقیقت یہ ہے ۔ کہ اس طرح کی حکیمانہ باتوں کو اگر عمل کا جامہ پہنا دیا جائے ۔ تو پھر بدی کا احتمال ہمیشہ کے لئے اٹھ جائے فرمایا : دیکھو جب تم دوسروں سے مسائل کے متعلق گفتگو کرو ۔ تو انداز بیان پر حشمت اور باوقار ہونا چاہئے ۔ اس طرح نہ گفتگو کرو کہ اس میں تمام نسائی لطافتیں جمع ہوجائیں ۔ اور سننے والے کے دل میں کسی نوع کی جنسی تحریک پیدا ہوسکے *۔ آنکھوں کے بعد زبان سب سے زیادہ بدی کی محرک ہے ۔ یہ وہ کامل التاثیر زہر ہے ۔ جس کا تریاق نہیں ۔ اس لئے رب العزت نے عورتوں کو غیر محرموں کے سامنے اس طرح استعمال سے روکا ہے جس میں طنیح ودخال مترشح ہو اور جو معصیت اور گناہ کے لئے بمنزلہ دعوت کے ہو *۔ حل لغات :۔ یقنت ۔ قنوت سے ہے بمعنی فرمانبرداری اور پوری پوری اطاعت * وقرن ۔ گھروں میں ٹکی رہو ۔ باوقار کے ساتھ رہو *۔