سورة العنكبوت - آیت 47

وَكَذَٰلِكَ أَنزَلْنَا إِلَيْكَ الْكِتَابَ ۚ فَالَّذِينَ آتَيْنَاهُمُ الْكِتَابَ يُؤْمِنُونَ بِهِ ۖ وَمِنْ هَٰؤُلَاءِ مَن يُؤْمِنُ بِهِ ۚ وَمَا يَجْحَدُ بِآيَاتِنَا إِلَّا الْكَافِرُونَ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

اور ہم نے اسی طرح آپ کی طرف اپنی کتاب نازل فرمائی ہے، پس جنہیں ہم نے کتاب دی ہے وہ اس پر ایمان لاتے ہیں (١) اور ان (مشرکین) میں سے بعض اس پر ایمان رکھتے ہیں (٢) اور ہماری آیتوں کا انکار صرف کافر ہی کرتے ہیں۔

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

(ف 1) اہل کتاب اور مسلمان میں مذہب کے باب میں بہت سی باتیں مشترک ہیں ۔ وہ بھی خدا کے قائل ہیں ۔ ملائکہ کو مانتے ہیں ۔ حشر ونشر کو تسلیم کرتے ہیں ۔ اور جنت ودوزخ کے معتقد ہیں ۔ اس لئے ارشاد ہے کہ جب ان لوگوں سے بحث کرو تو عمدہ اور احسن طریق سے ۔ جاذب اور موثر انداز سے ۔ ایسا نہ ہو کہ وہ تمہاری سختی اور خشونت سے اپنے مسلمات کا بھی انکا رکردیں ۔ ﴿إِلَّا الَّذِينَ ظَلَمُوا﴾سے مراد وہ لوگ ہیں جو مشرک ہیں اور خدا کے ساتھ دوسروں کو ساجھی قرار دیتے ہیں ۔ قرآن کی رو سے یہ لوگ کسی اخلاقی رعایت کے مستحق نہیں ۔