سورة النور - آیت 1

سُورَةٌ أَنزَلْنَاهَا وَفَرَضْنَاهَا وَأَنزَلْنَا فِيهَا آيَاتٍ بَيِّنَاتٍ لَّعَلَّكُمْ تَذَكَّرُونَ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

یہ وہ سورت ہے جو ہم نے نازل فرمائی ہے (١) اور مقرر کردی ہے اور جس میں ہم نے کھلی آیتیں (احکام) اتارے ہیں تاکہ تم یاد رکھو۔

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

رجم کی سزا : (ف2) قرآن حکیم کی یہ پہلی صورت ہے ، جسے اس اہمیت کے ساتھ پیش کیا گیا ہے گو پورا قرآن اللہ کی جانب سے ہے ، اور مسلمانوں کے لئے اس کا ماننا اور تسلیم کرنا لازم اور ضروری ہے نیز قرآن کی ہر سورت میں آیات بینات کا ذخیرہ ہے مگر اس سورت کو ان خصوصیات کے ساتھ مختص کرنے کے معنی یہ ہیں کہ اس میں تمدن اور کلچر کے مسائل مہمہ کو بیان کیا گیا ہے ، اور ان معاشرتی گھتیوں کو سلجھایا گیا ہے جن کی وجہ سے قومیں ترقی اور برتری کی منزلیں طے کرتی ہیں ، اور انہیں فراموش کردینے کا نتیجہ لازما ذلت اور ہلاکت ہوتا ہے ۔ حل لغات : فَرَضْنَاهَا: لازم ٹھہرایا ہے متعین کیا ہے ۔