قُلْ مَن بِيَدِهِ مَلَكُوتُ كُلِّ شَيْءٍ وَهُوَ يُجِيرُ وَلَا يُجَارُ عَلَيْهِ إِن كُنتُمْ تَعْلَمُونَ
پوچھئے کہ تمام چیزوں کا اختیار کس کے ہاتھ میں ہے؟ جو پناہ دیتا ہے (١) اور جس کے مقابلے میں کوئی پناہ نہیں دیا جاتا (٢) اگر تم جانتے ہو تو بتلاؤ؟
(ف1) غرض یہ ہے کہ گو دل ودماغ شرک اور بت پرستی کے غبار سے اٹ جائے مگر توحید کے نقوش ان میں ضرور موجود رہتے ہیں ، کیونکہ توحید فطرت ہے توحید دل کی آواز ہے ، اور توحید انسانیت ہے چنانچہ ارشاد ہے کہ اگر ان بت پرستوں سے آپ پوچھیں گے کہ اس زمین اور اس پر بسنے والے لوگوں کا مالک کون ہے ؟ سات آسمانوں اور عرش عظیم کا پروردگار کون ہے ؟ ہر چیز پر کس کی حکمرانی ہے ؟ اور کس کے ہاتھ میں ہر وقت تمام اختیارات ہیں کہ وہ جس کو چاہے پناہ دے اور جس کو چاہے محروم رکھے ، تو وہ بےاختیار پکار اٹھیں گے کہ اللہ ہی ان صفات سے متصف ہے ، قرآن پوچھتا ہے کہ اگر یہ جواب تمہاری نظروں میں صحیح ہے ، تو پھر تم کیوں غور وفکر سے کام نہیں لیتے ؟ تمہارے دلوں میں کیوں پرہیزگاری اور تقوی کے جذبات پیدا نہیں ہوتے ؟ کیا عقل سلیم کو کھو بیٹھے ہو ، کہ بےوقوفوں کی طرح کائنات کے ذرہ ذرہ کے سامنے سجدہ کناں ہو ، تمہیں چاہئے کہ دل کے چشموں سے استفادہ کرو ، اور توحید کے سوتوں سے سیرابی حاصل کرو ، دل اور فطرت کی آواز کو سنو ، اور اس سچی اور حقیقی پکار پر کان دھرو ، تمہیں باہر دیکھنے کی ضرورت نہیں ، خود اپنے اندر اپنی ہستی پر غور کرو ، تمہیں معلوم ہوگا ، کہ توحید پوری روشنی کے ساتھ جلوہ آراء ہے ۔ حل لغات : مَلَكُوتُ: اختیار ، بادشاہت ۔ يُجَارُ: پناہ عنایت کرتا ہے ۔