سورة الحج - آیت 40

الَّذِينَ أُخْرِجُوا مِن دِيَارِهِم بِغَيْرِ حَقٍّ إِلَّا أَن يَقُولُوا رَبُّنَا اللَّهُ ۗ وَلَوْلَا دَفْعُ اللَّهِ النَّاسَ بَعْضَهُم بِبَعْضٍ لَّهُدِّمَتْ صَوَامِعُ وَبِيَعٌ وَصَلَوَاتٌ وَمَسَاجِدُ يُذْكَرُ فِيهَا اسْمُ اللَّهِ كَثِيرًا ۗ وَلَيَنصُرَنَّ اللَّهُ مَن يَنصُرُهُ ۗ إِنَّ اللَّهَ لَقَوِيٌّ عَزِيزٌ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

یہ وہ ہیں جنہیں ناحق اپنے گھروں سے نکالا گیا، صرف ان کے اس قول پر کہ ہمارا پروردگار فقط اللہ ہے، اگر اللہ تعالیٰ لوگوں کو آپس میں ایک دوسرے سے نہ ہٹاتا رہتا تو عبادت خانے اور گرجے اور مسجدیں اور یہودیوں کے معبد اور وہ مسجدیں بھی ڈھا دی جاتیں جہاں اللہ کا نام باکثرت لیا جاتا ہے۔ جو اللہ کی مدد کرے گا اللہ بھی ضرور اس کی مدد کرے گا۔ بیشک اللہ تعالیٰ بڑی قوتوں والا بڑے غلبے والا ہے

تفسیر سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اسلامی جہاد کی غرض قیام عبادت ہے : (ف ٢) اس آیت میں بڑے واضح الفاظ میں قرآن حکیم نے بتا دیا ہے کہ اسلامی جہاد سے غرض معاہد الہیہ کی حفاظت ہے مسلمان بس لئے میدان جہاد میں قوت آزما ہوتا ہے کہ خدا پرستی کے تمام مرکزوں کو مشرکین کے قبضہ واستیلاء سے پاک کر دے ، وہ جہاد وقتال سے مادی نفع کا طالب نہیں ہوتا ، بلکہ اس کے سامنے اعلاء کلمۃ اللہ کا بلند مقصد ہوتا ہے ، وہ اللہ کے لئے لڑتا ہے اور اللہ کے لئے صلح کرتا ہے اگر مسلمان حق وصداقت کی تائید میں تلوار نہ اٹھائے تو پھر ساری دنیا میں باطل کی حکومت ہوجائے ۔ اور تمام مرکزوں میں جہاں اللہ کا نام لیا جاتا ہے ، دیوتاؤں اور معبودان باطل کی عبادت ہونے لگے ، مسلمان امن عالم کا کفیل ہے ، اس کا جہاد دوسرے مذاہب کی آزادی کے لئے بھی ہے ، وہ چاہتا ہے کہ سب عبادت گاہوں کی حفاظت ہو ، اور سب لوگوں کو آزادی حاصل ہو کہ وہ آزادانہ طور پر اللہ تعالیٰ کو یاد کرسکیں ، اور اس کے نام کو بلند کرسکیں ، البتہ اسے یہ ناپسند ہے کہ لوگ غیر اللہ کی پرستش کریں ، اور بتوں اور دیوتاؤں کے نام پر معابد تعمیر کریں ، کیونکہ ایسے مرکز عبادت درحقیقت جہالت وتاریک خیالی کے مدرسے ہوتے ہیں ، یہاں انسانوں کو ذلت و نکبت کا درس دیا جاتا ہے ، اور یہ بتایا جاتا ہے کہ خدا کے سوا اور ہستیاں بھی احترام وعبادت کے لائق ہیں ، حالانکہ یہ بہت بڑی گمراہی اور بہت بڑا جرم ہے ، اس سے نفس انسانیت تباہ اور برباد ہوجاتی ہے اور پھر کبھی ابھرنے کی امید نہیں کی جا سکتی ۔ حل لغات : صوامع : صومعہ کی جمع ہے ، نصارے اور آتش پرستوں کے عبادت خانے ۔