إِنَّ هَٰذِهِ أُمَّتُكُمْ أُمَّةً وَاحِدَةً وَأَنَا رَبُّكُمْ فَاعْبُدُونِ
یہ تمہاری امت ہے جو حقیقت میں ایک ہی امت ہے (١) اور میں تم سب کا پروردگار ہوں پس تم میری ہی عبادت کرو۔
(ف2) اللہ کا سچا اور اصلی دین اسلام ہے ، جس میں اس کی توحید وتفرید کا اعلان ہے جس میں اس ذات پاک کی ربوبیت کی تلقین ہے ، جو تمام انسانوں کو ایک وحدت میں منسلک کرنا چاہتا ہے ، اور جس کی غرض وغایت یہ ہے کہ نوع انسانی کے دماغی افق کو بلند اور تابناک بنا دیا جائے ، اس کے بعد جتنے فرقے اور گروہ ہیں ، اور جس قدر مذہبی ودینی جماعتیں ہیں سب گمراہی اور ضلالت میں ہیں ، چنانچہ اللہ تعالیٰ مسلمانوں کو مخاطب کرکے فرماتا ہے کہ تمہاری قوم ہی ایک سچی اور اطاعت شعار قوم ہے ، اور یہ لوگ جنہوں نے اپنے وجود کو مختلف گروہوں اور جماعتوں میں بانٹ لیا ہے مجرم ہیں ، یہ سب کے سب ہمارے پاس آئیں گے ، اس وقت ہم انہیں بتائیں گے کہ کون راہ راست پر گامزن تھا ، اور کون گمراہ ۔