سورة الإسراء - آیت 71

يَوْمَ نَدْعُو كُلَّ أُنَاسٍ بِإِمَامِهِمْ ۖ فَمَنْ أُوتِيَ كِتَابَهُ بِيَمِينِهِ فَأُولَٰئِكَ يَقْرَءُونَ كِتَابَهُمْ وَلَا يُظْلَمُونَ فَتِيلًا

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

جس دن ہم ہر جماعت کو اس کے پیشوا سمیت (١) بلائیں گے۔ پھر جن کا بھی اعمال نامہ دائیں ہاتھ میں دے دیا گیا وہ تو شوق سے اپنا نامہ اعمال پڑھنے لگیں گے اور دھاگے کے برابر (ذرہ برابر) بھی ظلم نہ کئے جائیں گے (٢)۔

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

حل لغات : بِإِمَامِهِمْ: امام کے معنی عربی میں قابل اقتداء کے ہیں یہاں مفسرین نے پانچ معانی بیان فرمائے ہیں ۔ 1۔ نبی مراد ہیں حضرت ابوہریرہ (رض) سے مرفوعا روایت ہے ، 2۔ کتاب اعمال مراد ہے ، حسن ربیع اور ابولبابہ کا یہی مذہب ہے ، 3۔ مذہبی کتب مثل قرآن وتوریت وغیرہ مقصود ہے ، 4۔ ام کی جمع ہے یعنی ہر شخص کو اس کی ماں کے نام سے پکارا جائے گا اہل زبان اس تاویل کو لغۃ کمزور خیال کرتے ہیں ۔ 5۔ ملک راسخہ جس سے تمام عادات منشعب ہوں یعنی ہر شخص میں کچھ عادات اس نوع کی ہوتی ہیں ، جنہیں مرکزی اور اساسی عادات کہا جا سکتا ہے اصل میں یہی عادات مواخذہ کے قابل ہوتی ہیں ۔