إِنَّمَا جُعِلَ السَّبْتُ عَلَى الَّذِينَ اخْتَلَفُوا فِيهِ ۚ وَإِنَّ رَبَّكَ لَيَحْكُمُ بَيْنَهُمْ يَوْمَ الْقِيَامَةِ فِيمَا كَانُوا فِيهِ يَخْتَلِفُونَ
ہفتے کے دن کی عظمت تو صرف ان لوگوں کے ذمے ہی ضروری تھی جنہوں نے اس میں اختلاف کیا تھا، (١) بات یہ ہے کہ آپ کا پروردگار خود ہی ان میں ان کے اختلاف کا فیصلہ قیامت کے دن کرے گا۔
جمعہ کا احترام : (ف ١) اسلام اور دیگر ادیان میں اصولا کوئی اختلاف نہیں البتہ بعض لوگوں نے اپنی خواہشات نفس کی اطاعت میں اللہ کے حکموں میں اختلاف وتشتت پیدا کرلیا ۔ جمعہ کا دن ہمیشہ سے دینی فرائض کے لئے مختص رہا ہے ، مگر یہود ونصاری نے اس میں اختلاف کیا ، چنانچہ حضرت ابوہریرہ (رض) سے مروی ہے کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا ہے ہم سے پہلی قوموں پر بھی جمعہ کا احترام واجب تھا ، مگر انہوں نے از راہ ضد اس میں اختلاف کیا ، اور اللہ نے اس معاملہ میں ہماری صحیح راہنمائی فرمائی ہمیں توفیق مرحمت کی کہ جمعہ کے احترام کو قائم رکھیں اس صورت میں ” اختلفوا “ کے معنے یہ ہوں گے کہ انہوں نے نبی کی تعلیمات میں اختلاف پیدا کیا نہ یہ کہ سبت کے تعین میں اختلاف کیا ۔ حل لغات : حنیفا : موحد توحید کے لئے وقف ۔ سبت : احترام کا دن ، عیسائیوں میں اتوار اور یہودیوں میں ہفتہ ۔