وَاللَّهُ جَعَلَ لَكُم مِّمَّا خَلَقَ ظِلَالًا وَجَعَلَ لَكُم مِّنَ الْجِبَالِ أَكْنَانًا وَجَعَلَ لَكُمْ سَرَابِيلَ تَقِيكُمُ الْحَرَّ وَسَرَابِيلَ تَقِيكُم بَأْسَكُمْ ۚ كَذَٰلِكَ يُتِمُّ نِعْمَتَهُ عَلَيْكُمْ لَعَلَّكُمْ تُسْلِمُونَ
اللہ ہی نے تمہارے لئے اپنی پیدا کردہ چیزوں میں سے سائے بنائے ہیں (١) اور اسی نے تمہارے لئے پہاڑوں میں غار بنائے ہیں اور اسی نے تمہارے لئے کرتے بنائے ہیں جو تمہیں گرمی سے بچائیں اور ایسے کرتے بھی جو تمہیں لڑائی کے وقت کام آئیں (٢) وہ اس طرح اپنی پوری پوری نعمتیں دے رہا ہے کہ تم حکم بردار بن جاؤ۔
(ف ١) رہائش کے متعلق انعامات گنائے ہیں کہ کیونکر تمہارے لئے اللہ نے سہولتیں مہیا کی ہیں ، تمہیں مکانات دیئے ہیں ، جو آرام وراحت کا باعث ہیں یہ مسکن ہیں تمہارے لئے خیموں اور قناتوں کا انتظام کیا ہے ، کہ جہاں چاہو ، گھر بنا لو ، اور جو بہت غریب ہیں ان کے لئے دامن کوہ میں سایہ کا انتظام کیا ہے ، وہ گھنے درختوں کے تلے آرام پاتے ہیں ، تمہیں ملبوسات عطا کئے ہیں جو سردی اور گرمی کے لئے جدا جدا اور گوناگون ہیں کچھ وہ ہیں جو جنگ میں کام آتے ہیں غرض یہ ہے کہ تم اللہ کی ان تمام نعمتوں کا استعمال کرو اور شکریہ ادا کرو ۔