سورة یونس - آیت 98

فَلَوْلَا كَانَتْ قَرْيَةٌ آمَنَتْ فَنَفَعَهَا إِيمَانُهَا إِلَّا قَوْمَ يُونُسَ لَمَّا آمَنُوا كَشَفْنَا عَنْهُمْ عَذَابَ الْخِزْيِ فِي الْحَيَاةِ الدُّنْيَا وَمَتَّعْنَاهُمْ إِلَىٰ حِينٍ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

چنا نچہ کوئی بستی ایمان نہ لائی کہ ایمان لانا اس کو نافع ہوتا سوائے یونس (علیہ السلام) کی قوم کے (١) جب وہ ایمان لے آئے تو ہم نے رسوائی کے عذاب کو دنیاوی زندگی میں ان پر سے ٹال دیا اور ان کو ایک وقت (خاص) تک کے لئے زندگی سے فائدہ اٹھانے کا موقع دیا۔

تفسیر سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

قوم یونس : (ف ١) لولا تحضیضیہ ہے ، فھلا کے معنوں میں جیسا کہ حضرت ابی اور عبداللہ بن مسعود (رض) کے مصحف میں تصریح ہے ۔ غرض یہ ہے کہ تباہ شدہ قوموں نے آخری وقت ایمان وتوبہ کا اظہار نہیں کیا آیت میں اظہار مستحسر ہے کہ کیوں ان قوموں کو توبہ کی توفیق نہ ہوئی اور کیوں عذاب الہی سے نہ بچ گئے ؟ (آیت) ” الا قوم یونس “۔ میں الا منقطعہ ہے غرض یہ ہے کہ صرف یونس (علیہ السلام) کی قوم ایسی ہے جنہوں نے عذاب کے علامات وآثار دیکھ کر خالص توبہ کی اور ان پر سے اللہ نے عذاب دور کردیا ، یہ غلط فہمی نہ رہے کہ قرآن نے کسی عذاب کی پیشگوئی کا ذکر نہیں فرمایا ارشاد صرف یہ ہے کہ قوم یونس (علیہ السلام) کی نافرمانی کی وجہ سے عذاب کے علائم وآثار ظور پذیر ہوئے مگر وہ سنبھل گئے چونکہ مقصد عذاب میں مبتلا کرنے کا نہ تھا اس لئے معاف کر دئیے گئے ، سابقہ پیشگوئی کا تقاضا یہ تھا کہ وہ بہرحال پوری ہو کر رہتی ، کیونکہ پیشگوئی کے معنی یہ ہیں کہ اللہ کو خوب معلوم ہے کہ وہ آخر تک ایمان کی نعمت سے محروم رہیں گے ، لہذا خلف وعید کا سوال پیدا نہیں ہوتا ۔