سورة التحريم - آیت 6

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا قُوا أَنفُسَكُمْ وَأَهْلِيكُمْ نَارًا وَقُودُهَا النَّاسُ وَالْحِجَارَةُ عَلَيْهَا مَلَائِكَةٌ غِلَاظٌ شِدَادٌ لَّا يَعْصُونَ اللَّهَ مَا أَمَرَهُمْ وَيَفْعَلُونَ مَا يُؤْمَرُونَ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

اے ایمان والو! تم اپنے آپ کو اور اپنے گھر والوں کو اس آگ سے بچاؤ (١) جس کا ایندھن انسان ہیں اور پتھر جس پر سخت دل مضبوط فرشتے مقرر ہیں جنہیں جو حکم اللہ تعالیٰ دیتا ہے اس کی نافرمانی نہیں کرتے بلکہ جو حکم دیا جائے بجا لاتے ہیں۔

تفسیر ثنائی - ثنا اللہ امرتسری

خیر یہ تو ہوا واقعہ خاندان رسالت کا اے مسلمانو ! اب اپنے متعلق ہدایت سنو ! خانگی حکموں میں اہم حکم یہ ہے کہ تم اپنے آپ کو اور اپنے متعلقین بیوی بچوں کو دوزخ کی آگ سے بچائو جس کا ایندھن برے آدمی اور پتھر ہیں یعنی وہ ایسی تیز ہے کہ آدمی اور پتھر اس میں پتھر کے کوئلوں کا کام دیں گے خود بھی جلیں گے اور اس کو بھی تیز کریں گے اس پر نگرانی کرنے والے فرشتے بڑے تند خو سخت مزاج ہوں گے جو اللہ کے حکموں کی کسی حالت میں بے فرمانی نہ کریں گے اور جو ان کو حکم ہوگا وہی کریں گے