سورة الحديد - آیت 21

سَابِقُوا إِلَىٰ مَغْفِرَةٍ مِّن رَّبِّكُمْ وَجَنَّةٍ عَرْضُهَا كَعَرْضِ السَّمَاءِ وَالْأَرْضِ أُعِدَّتْ لِلَّذِينَ آمَنُوا بِاللَّهِ وَرُسُلِهِ ۚ ذَٰلِكَ فَضْلُ اللَّهِ يُؤْتِيهِ مَن يَشَاءُ ۚ وَاللَّهُ ذُو الْفَضْلِ الْعَظِيمِ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

(آؤ) دوڑو اپنے رب کی مغفرت کی طرف (١) اور اس کی جنت کی طرف جس کی وسعت آسماں و زمین کی وسعت کے برابر ہے (٢) یہ ان کے لئے بنائی گئی ہے جو اللہ پر اور اس کے رسولوں ایمان رکھتے ہیں۔ یہ اللہ کا فضل ہے جس چاہے دے (٣) اور اللہ بڑے فضل والا ہے۔ (٤)

تفسیر ثنائی - ثنا اللہ امرتسری

پس مسلمانو ! تم بیہودہ اور بے کار کام چھوڑ کر نیک روش اختیار کرو اور اپنے پروردگار کی بخشش اور جنت کی طرف لپکو جس کا پھیلائو آسمان اور زمین کے پھیلائو جیسا ہے۔ جس میں ہر طرح کے سامان راحت مہیا ہوں گے وہ ان لوگوں کے لئے تیار کی گئی ہے جو اللہ پر اور اس کے رسولوں پر ایمان لائے ہیں اور اس ایمان کے مطابق عمل کرتے ہیں۔ سچ تو یہ ہے کہ یہ داخلہ جنت اللہ کا فضل ہے وہ جسے چاہے گا دے گا اور اللہ کی طرف سے اس میں بخل نہیں۔ کیونکہ اللہ بڑے فضل والا ہے