سورة الأحقاف - آیت 9

قُلْ مَا كُنتُ بِدْعًا مِّنَ الرُّسُلِ وَمَا أَدْرِي مَا يُفْعَلُ بِي وَلَا بِكُمْ ۖ إِنْ أَتَّبِعُ إِلَّا مَا يُوحَىٰ إِلَيَّ وَمَا أَنَا إِلَّا نَذِيرٌ مُّبِينٌ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

آپ کہہ دیجئے! کہ میں کوئی بالکل انو کھا پیغمبر نہیں (١) نہ مجھے یہ معلوم ہے کہ میرے ساتھ اور تمہارے ساتھ کیا کیا جائے گا (٢)۔ میں تو صرف اسی کی پیروی کرتا ہوں جو میری طرف وحی بھیجی جاتی ہے اور میں تو صرف علی الاعلان کردینے والا ہوں۔

تفسیر ثنائی - ثنا اللہ امرتسری

اے نبی ! تو ان مخالفوں کو کہہ دے کہ تم لوگ جو میرے ساتھ ایسے بے طرح برسر جنگ ہو میں کوئی انوکھا رسول نہیں ہوں مجھ سے پہلے کئی رسول گذر گئے جس طرح وہ اللہ کے احکام سناتے تھے میں بھی سناتا ہوں اور اللہ تعالیٰ کے قانون میں نہ ان کو کچھ دخل تھا نہ مجھے دخل ہے بلکہ میں تو یہاں تک اعلان کرتا ہوں کہ مجھے یہ بھی خبر نہیں کہ کل مجھ سے کیا برتائو ہوگا اور تم سے کیا؟ اللہ جانے کل میں تندرست رہوں گا یا بیمار ہوجائوں گا تم بیمار ہو گے یا اچھے رہو گے میں تو مذہبی امور میں صرف اس کلام کی تابعداری کرتا ہوں جو میری طرف وحی کی جاتی ہے یعنی میں تو حکم کا تابعدار ہوں اور اللہ کے عذاب سے صاف صاف ڈرانے والا۔