سورة الفرقان - آیت 54
وَهُوَ الَّذِي خَلَقَ مِنَ الْمَاءِ بَشَرًا فَجَعَلَهُ نَسَبًا وَصِهْرًا ۗ وَكَانَ رَبُّكَ قَدِيرًا
ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب
وہ جس نے پانی سے انسان کو پیدا کیا، پھر اسے نسب والا اور سسرالی رشتوں والا کردیا (١) بلاشبہ آپ کا پروردگار (ہر چیز پر) قادر ہے۔
تفسیر ثنائی - ثنا اللہ امرتسری
اور سنو ! وہ ذات پاک جس نے تم کو یہ حکم دیا وہ ہے جس نے پانی سے آدمی کو اول پیدا کیا پھر اس کے لئے رشتہ ولادت اور رشتہ دامادی بنایا یعنی آدم کے بعد بنی آدم میں میں یہ سلسلہ قائم کیا کہ کوئی کسی کا بیٹا ہے تو کوئی کسی کا باپ علی ہذا القیاس کوئی کسی کا سسر ہے تو کوئی کسی کا داماد اس طرح ان کے تعلقات بعیدہ کو قریب کیا جاتا ہے کیونکہ انسان ان باتوں کا محتاج ہے اور پروردگار تمہارا ہر کام پر قادر ہے