سورة الانعام - آیت 72
وَأَنْ أَقِيمُوا الصَّلَاةَ وَاتَّقُوهُ ۚ وَهُوَ الَّذِي إِلَيْهِ تُحْشَرُونَ
ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب
اور یہ کہ نماز کی پابندی کرو اور اس سے ڈرو (١) اور وہی ہے جس کے پاس تم جمع کئے جاؤ گے۔
تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی
﴿ وَأَنْ أَقِيمُوا الصَّلَاةَ﴾ ”اور یہ کہ نماز پڑھتے رہو۔“ یعنی ہمیں حکم دیا گیا ہے کہ ہم نماز کو اس کے تمام ارکان، شرائط، سنن اور اس کی تکمیل کرنے والے تمام امور کے ساتھ قائم کریں ﴿وَاتَّقُوهُ﴾” اور اس سے ڈرتے رہو۔“ جس چیز کا اللہ تعالیٰ نے حکم دیا اسے بجالا کر اور جس چیز سے روکا ہے اس سے اجتنا کر کے تقویٰ کا التزام کرو ﴿وَهُوَ الَّذِي إِلَيْهِ تُحْشَرُونَ ﴾ ’’اور وہی تو ہے جس کے پاس تم جمع کیے جاؤ گے۔‘‘ یعنی قیامت کے روز تم اس کے پاس جمع ہو جاؤ گے اور وہ تمہیں تمہارے اچھے اور برے اعمال کی جزا دے گا۔