سورة المآئدہ - آیت 102

قَدْ سَأَلَهَا قَوْمٌ مِّن قَبْلِكُمْ ثُمَّ أَصْبَحُوا بِهَا كَافِرِينَ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

ایسی باتیں تم سے پہلے اور لوگوں نے بھی پوچھی تھیں پھر ان باتوں کے منکر ہوگئے (١)۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

یہ سوالات جن سے تمہیں منع کیا گیا ہے۔ ﴿قَدْ سَأَلَهَا قَوْمٌ مِّن قَبْلِكُمْ﴾ ” تحقیق پوچھ چکی ہے یہ باتیں ایک جماعت تم سے پہلے“ یعنی اس جنس کے اور اسی قسم کے سوالات تھے۔ ان کا سوال طلب رشد کے لئے نہ تھا بلکہ تلبیس کی خاطر تھا۔ جب ان کے سوال کا جواب واضح ہو کر ان کے سامنے آگیا﴿ ثُمَّ أَصْبَحُوا بِهَا كَافِرِينَ ﴾ ” تو وہ ان کے ساتھ کفر کرنے والے ہوگئے“ جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے صحیح حدیث میں فرمایا ” جب میں تمہیں کسی چیز سے روک دوں تو اس سے اجتناب کرو اور جب کسی کام کے کرنے کا حکم دوں تو اپنی استطاعت کے مطابق اس حکم کی تعمیل کرو کیونکہ تم سے پہلے قومیں کثرت سوال اور اپنے نبیوں سے اختلاف کرنے کی بنا پر ہلاک ہوئیں۔“ [صحيح مسلم، الحج، حديث: 1337]