سورة البينة - آیت 6

إِنَّ الَّذِينَ كَفَرُوا مِنْ أَهْلِ الْكِتَابِ وَالْمُشْرِكِينَ فِي نَارِ جَهَنَّمَ خَالِدِينَ فِيهَا ۚ أُولَٰئِكَ هُمْ شَرُّ الْبَرِيَّةِ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

بیشک جو لوگ اہل کتاب میں سے کافر ہوئے اور مشرکین سب دوزخ کی آگ میں جائیں گے جہاں وہ ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے یہ لوگ بدترین خلائق ہیں (١)

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

پھر اللہ تعالیٰ نے ذکر فرمایا کہ کافروں کے پاس واضح دلیل آجانے کے بعد ان کی جزا کیا ہوگی ،چنانچہ فرمایا : ﴿اِنَّ الَّذِیْنَ کَفَرُوْا مِنْ اَہْلِ الْکِتٰبِ وَالْمُشْرِکِیْنَ فِیْ نَارِ جَہَنَّمَ﴾ ”بے شک وہ لوگ جنہوں نے اہل کتاب اور مشرکین میں سے کفر کیا، جہنم کی آگ میں ہوں گے۔“ اس کا عذاب ان کا احاطہ کرلے گا اور اس کی عقوبت ان پر بہت شدت اختیار کرلے گی۔ ﴿خٰلِدِیْنَ فِیْہَا ﴾ یہ عذاب ان سے کبھی منقطع نہیں ہوگا اور وہ جہنم کے اندر اللہ تعالیٰ کی رحمت سے مایوس رہیں گے ﴿اُولٰیِٕکَ ہُمْ شَرُّ الْبَرِیَّۃِ﴾” یہ لوگ مخلوق میں سے بدتر ہیں ۔“کیونکہ انہوں نے حق کو پہچان کر اس کو ترک کردیا اور یوں دنیا وآخرت میں انہوں نے نقصان اٹھایا۔