سورة الليل - آیت 8

وَأَمَّا مَن بَخِلَ وَاسْتَغْنَىٰ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

لیکن جس نے بخیلی کی اور بے پرواہی برتی۔ (١)

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿وَاَمَّا مَنْ بَخِلَ﴾ اور جس نے ان امور کے بارے میں بخل سے کام لیا جن کا اسے حکم دیا گیا ، انفاق واجب ومستحب کو ترک کردیا اور جس چیز کو اللہ تعالیٰ نے اس پر واجب کیا تھا اس کا نفس اسے ادا کرنے پر راضی نہ ہوا ﴿وَاسْتَغْنٰی﴾ اور اللہ تعالیٰ سے بے نیاز بنارہا اور نافرمانی سے اس کی عبودیت کو ترک کردیا، نیز اس نے یہ نہ دیکھا کہ اس کا نفس غایت حد تک اپنے رب کا محتاج ہے جس کے لیے کوئی نجات ہے نہ کوئی فوزوفلاح، سوائے اس سبب سے کہ اللہ تعالیٰ ہی اس کا محبوب و معبود ہو جس کا وہ قصد کرے اور اس کی طرف متوجہ ہو۔