سورة الشمس - آیت 7
وَنَفْسٍ وَمَا سَوَّاهَا
ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب
قسم ہے نفس کی اور اسے درست بنانے کی (١)
تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی
﴿وَنَفْسٍ وَمَا سَوَّاهَا ﴾ ” اور نفس کی اور اس کی جس نے اس (کے اعضا) کو برابر کیا۔“ اس میں ایک احتمال یہ ہے کہ اس میں تمام حیوانی مخلوق کا نفس مراد ہو، جیسا کہ لفظ کا عموم اس کی تائید کرتا ہے ۔ دوسرا احتمال یہ ہے کہ صرف مکلف انسان کے نفس کی قسم ہو جس پر اس کے بعد آنے والی آیات دلالت کرتی ہیں۔ دونوں معنوں کے مطابق ، نفس ایک بہت بڑی نشانی ہے جو اس کی قسم کو حق ثابت کرتی ہے ، کیونکہ نفس انتہائی لطیف اور خفیف ہے ۔ منتقل ہونے، حرکت، تغیر وتبدل تاثر اور انفعالات نفسیہ مثلا: ہم وغم، ارادہ، قصد، محبت اور نفرت میں بہت تیز ہے۔ اگر نفس نہ ہو تو بدن مجرد بت ہے جس کا کوئی فائدہ نہیں اور اس ہیبت میں اس کو درست کرنا جو اس وقت ہے ، اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نشانیوں میں سے ایک نشانی ہے۔