سورة نوح - آیت 14
وَقَدْ خَلَقَكُمْ أَطْوَارًا
ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی
حالانکہ اس نے تمہیں طرح طرح سے (١) پیدا کیا ہے۔
تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی
﴿وَقَدْ خَلَقَكُمْ أَطْوَارًا ﴾” حالانکہ اس نے تمہیں مختلف اطوار میں پیدا کیا۔“ یعنی ماں کے پیٹ میں تخلیق کے مختلف مراحل میں پیدا کیا، پھر رضاعت، پھر سن طفولیت، پھر سن تمیز اور پھر جوانی میں منتقل کیا، پھر اس مرحلے میں لے گیا جہاں تمام مخلوق پہنچتی ہے۔ پس وہ ہستی جو تخلیق اور بے مثال تدبیر میں منفرد ہے، صرف اسی کے لیے عبادت اور توحید مختص ہے۔ بندوں کی تخلیق کی ابتدا کے ذکر میں معاد کی طرف اشارہ ہے اور وہ ہستی جو انہیں عدم سے وجود میں لائی، ان کے مرنے کے بعد انہیں دوبارہ زندہ کرنے پر قادر ہے۔ اللہ تعالیٰ نے آسمانوں کی تخلیق سے بھی استدلال کیا ہے جن کی تخلیق انسانوں کی تخلیق سے زیادہ بڑی ہے۔