سورة القمر - آیت 54

إِنَّ الْمُتَّقِينَ فِي جَنَّاتٍ وَنَهَرٍ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

یقیناً ہمارا ڈر رکھنے والے جنتوں اور نہروں میں ہونگے (١)

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿اِنَّ الْمُتَّقِیْنَ﴾ یعنی تعمیل اور اوامر اور ترک نواہی کے ذریعے سے اللہ سے ڈرنے والے وہ لوگ جو شرک، کبیرہ اور صغیرہ گناہوں سے بچتے ہیں ﴿فِیْ جَنّٰتٍ وَّنَہَرٍ﴾ وہ نعمتوں بھری جنتوں میں ہوں گے جس میں ایسی ایسی نعمتیں ہوں گی جو کسی آنکھ نے دیکھی ہیں نہ کسی کان نے سنی ہیں اور نہ کسی آدمی کے حاشیۂ خیال ہی میں ان کا گزر ہوا ہے یعنی ان جنتوں میں پکے ہوئے پھلوں سے لدے ہوئے درخت، بہتی ہوئی نہریں، بلند وبالامحلات، خوبصورت آرام گاہیں، نہایت لذیذ ماکولات ومشروبات، حسین وجمیل حوریں، خوبصورت باغات، جزاوسزا سے نوازنے والے بادشاہ کی رضا اور اس کے قرب کے حصول میں کامیابی، یہ سب کچھ ہوگا۔