سورة الذاريات - آیت 22

وَفِي السَّمَاءِ رِزْقُكُمْ وَمَا تُوعَدُونَ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

اور تمہاری روزی اور جو تم سے وعدہ کیا جاتا ہے سب آسمان میں ہے (١)۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿وَفِي السَّمَاءِ رِزْقُكُمْ ﴾ ” اور آسمانوں میں تمہارا رزق ہے۔“ یعنی تمہارے رزق کا مادہ مثلاً بارش، رزق دینی اور رزق دنیاوی کی مختلف مقدار ﴿وَمَا تُوعَدُونَ ﴾ یعنی دنیا و آخرت میں جزا و سزا کا جو وعدہ کیا گیا ہے، یہ جزا و سزا دیگر تقدیروں کی طرح اللہ تعالیٰ کی طرف سے نازل ہوتی ہے۔ جب اللہ تعالیٰ نے آیت الٰہی کو بیان کرکے ان پر اس طرح متنبہ فرمایا جس سے عقل مند اور ذہین شخص تنبہ حاصل کرتا ہے تو اس نے قسم کھائی کہ اس کا وعدہ اور اس کی جزا و سزا حق ہیں۔ تب ظاہر اور واضح ترین چیز سے اس کو تشبیہ دی اور وہ نطق ہے۔