سورة الجاثية - آیت 31

وَأَمَّا الَّذِينَ كَفَرُوا أَفَلَمْ تَكُنْ آيَاتِي تُتْلَىٰ عَلَيْكُمْ فَاسْتَكْبَرْتُمْ وَكُنتُمْ قَوْمًا مُّجْرِمِينَ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

لیکن جن لوگوں نے کفر کیا تو (میں ان سے کہوں گا) کیا میری آیتیں تمہیں سنائی نہیں جاتی تھیں (١) پھر بھی تم تکبر کرتے رہے اور تم تھے ہی گناہ گار لوگ (٢)

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿ وَأَمَّا الَّذِينَ كَفَرُوا ﴾ اور جنہوں نے اللہ تعالیٰ کے ساتھ کفر کیا تو انہیں اجر و توبیخ کے طور پر کہا جائے گا : ﴿ أَفَلَمْ تَكُنْ آيَاتِي تُتْلَىٰ عَلَيْكُمْ﴾ ” کیا تم کو ہماری آیتیں پڑھ کر نہیں سنائی جاتی تھیں؟“ ان آیات نے ان امور کی طرف راہنمائی کی جن میں تمہاری بھلائی تھی اور ان امور سے روکا جن میں تمہارے لئے ضرر تھا، یہ سب سے بڑی نعمت تھی جو تم تک پہنچی اگر تم نے ان کی موافقت کی ہوتی لیکن تم نے تکبر کے ساتھ ان سے روگردانی کی اور ان کا انکار کیا، پس اس طرح تم نے سب سے بڑے جرم کا ارتکاب کیا، لہٰذا آج تمہیں تمہارے کرتوتوں کی سزا دی جائے گی۔