الْيَوْمَ تُجْزَىٰ كُلُّ نَفْسٍ بِمَا كَسَبَتْ ۚ لَا ظُلْمَ الْيَوْمَ ۚ إِنَّ اللَّهَ سَرِيعُ الْحِسَابِ
آج ہر نفس کو اس کی کمائی کا بدلہ دیا جائے گا آج (کسی قسم کا) ظلم نہیں، یقیناً اللہ تعالیٰ بہت جلد حساب کرنے والا ہے (١)۔
﴿الْيَوْمَ تُجْزَىٰ كُلُّ نَفْسٍ بِمَا كَسَبَتْ﴾ ” آج ہر نفس کو، جو اس نے کمایا، اس کی جزا دی جائے گی۔“ یعنی اس نے دنیا کے اندر، تھوڑی یا بہت، جو بھی نیکی اور بدی کا اکتساب کیا ہے، آج اس کی جزا دی جائے گی۔ ﴿ لَا ظُلْمَ الْيَوْمَ ﴾ ” آج کسی پر ظلم نہیں ہوگا۔“ آج کسی نفس پر، برائیوں میں اضافہ کر کے یا اس کی نیکیوں میں کمی کر کے، ظلم نہیں کیا جائے گا۔ ﴿إِنَّ اللّٰـهَ سَرِيعُ الْحِسَابِ﴾ ” بلا شبہ اللہ حساب لینے میں بہت تیز ہے۔“ یعنی اس دن کو دور نہ سمجھو یہ دن ضرور آنے والا ہے اور ہر آنے والی چیز قریب ہی ہوتی ہے، نیز وہ قیامت کے روز اپنے بندوں کا بہت جلد حساب لے گا کیونکہ اس کا علم ہر چیز کا احاطہ کئے ہوئے ہے اور وہ قدرت کا ملہ کا مالک ہے۔