سورة ص - آیت 20
وَشَدَدْنَا مُلْكَهُ وَآتَيْنَاهُ الْحِكْمَةَ وَفَصْلَ الْخِطَابِ
ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی
اور ہم نے اس کی سلطنت کو مضبوط کردیا تھا (١) اور اسے حکومت دی تھی (٢) اور بات کا فیصلہ کرنا (٣)
تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی
چنانچہ فرمایا : ﴿وَشَدَدْنَا مُلْكَهُ ﴾ ” اور ہم نے ان کی بادشاہی کو استحکام بخشا۔‘‘ آپ کو جو اسباب، افرادی قوت اور دنیاوی ساز و سامان عطا کیا اس کے ذریعے سے ہم نے ان کی مملکت کو طاقت ور بنایا، پھر اللہ تعالیٰ نے حضرت داؤد علیہ السلام پر اپنے اس احسان کا ذکر فرمایا کہ اس نے آپ کو علم عطا کیا، چنانچہ فرمایا : ﴿وَآتَيْنَاهُ الْحِكْمَةَ ﴾ یعنی ہم نے آپ کو نبوت، حکمت اور علم عظیم سے سرفراز کیا: ﴿ وَفَصْلَ الْخِطَابِ﴾ ”اور بات کا فیصلہ (سکھایا) “ یعنی لوگوں کے باہمی جھگڑوں میں فیصلہ کن بات کہنے کا ملکہ بخشا تھا۔