سورة الصافات - آیت 69

إِنَّهُمْ أَلْفَوْا آبَاءَهُمْ ضَالِّينَ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

یقین مانو ! کہ انہوں نے اپنے باپ دادا کو بہکایا ہوا پایا۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

گویا یہ کہا گیا کہ کس چیز نے ان لوگوں کو جہنم میں پہنچایا؟ تو فرمایا : ﴿إِنَّهُمْ أَلْفَوْا﴾ یعنی انہوں نے پایا ﴿آبَاءَهُمْ ضَالِّينَ فَهُمْ عَلَىٰ آثَارِهِمْ يُهْرَعُونَ﴾ ” اپنے باپ دادا کو بہکا ہوا، پس وہ انہی کے پیچھے دوڑے چلے جاتے ہیں۔“ یعنی گمراہی میں تیزی سے دوڑے چلے جا رہے تھے۔ انہوں نے اس طرف التفات نہ کیا جس طرف انبیاء و مرسلین نے ان کو بلایا، نہ انہوں نے اس چیز کی طرف توجہ کی جس سے کتب الٰہیہ نے ان کو ڈرایا اور نہ انہوں نے خیر خواہی کرنے والوں کی خیر خواہی کو درخوراعتنا سمجھا بلکہ اس کے برعکس انہوں نے یہ کہتے ہوئے ان کی مخالفت کی : ﴿إِنَّا وَجَدْنَا آبَاءَنَا عَلَىٰ أُمَّةٍ وَإِنَّا عَلَىٰ آثَارِهِم مُّقْتَدُونَ ﴾(الزخرف:43؍23) ” بے شک ہم نے اپنے باپ دادا کو ایک طریقے پر پایا اور ہم انھی کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔“