سورة الأحزاب - آیت 26

وَأَنزَلَ الَّذِينَ ظَاهَرُوهُم مِّنْ أَهْلِ الْكِتَابِ مِن صَيَاصِيهِمْ وَقَذَفَ فِي قُلُوبِهِمُ الرُّعْبَ فَرِيقًا تَقْتُلُونَ وَتَأْسِرُونَ فَرِيقًا

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

اور جن اہل کتاب نے ان سے سازباز کرلی تھی انھیں (بھی) اللہ تعالیٰ نے ان کے قلعوں سے نکال دیا اور ان کے دلوں میں (بھی) رعب بھر دیا کہ تم ان کے ایک گروہ کو قتل کر رہے ہو اور ایک گروہ کو قیدی بنا رہے ہو۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿ وَأَنزَلَ الَّذِينَ ظَاهَرُوهُم ﴾ ” اور ہم جنہوں نے ان کی مدد کی تھی ان کو اتارا۔“ یعنی وہ لوگ جنہوں نے حملہ آوروں کی مدد کی ﴿ مِّنْ أَهْلِ الْكِتَابِ ﴾ ” اہل کتاب میں سے“ یعنی یہودیوں میں سے ﴿ مِن صَيَاصِيهِمْ ﴾ ” ان کے قلعوں سے“ یعنی انہیں سلام کے حکم کے تحت مغلوب کرکے ان کے قلعوں سے نیچے اتارا ﴿ وَقَذَفَ فِي قُلُوبِهِمُ الرُّعْبَ ﴾ ” اور ان کے دلوں میں رعب ڈال دیا۔“ پس ان میں لڑنے کی قوت باقی نہ رہی اور وہ اطاعت تسلیم کرتے ہوئے سرنگوں ہوگئے۔ ﴿ فَرِيقًا تَقْتُلُونَ ﴾ تم لڑائی کے قابل مردوں کو قتل کر رہے تھے ﴿وَتَأْسِرُونَ فَرِيقًا ﴾ اور ان مردوں کے علاوہ عورتوں اور بچوں کو قیدی بنا رہے تھے۔