سورة الروم - آیت 57

فَيَوْمَئِذٍ لَّا يَنفَعُ الَّذِينَ ظَلَمُوا مَعْذِرَتُهُمْ وَلَا هُمْ يُسْتَعْتَبُونَ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

پس اس دن ظالموں کو ان کا عذر بہانہ کچھ کام نہ آئے گا اور نہ ان سے توبہ اور عمل طلب کیا جائے گا (١)

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿ فَيَوْمَئِذٍ لَّا يَنفَعُ الَّذِينَ ظَلَمُوا مَعْذِرَتُهُمْ﴾ ” یقیناً اس دن ظالمو کو ان کی معذرت کچھ فائدہ نہیں دے گی“ یعنی اگر وہ جھوٹ بولتے ہوئے یہ سمجھیں کہ ان پر حجت قائم نہیں ہوئی یا ایمان لانا ان کے بس میں نہ تھا تو اہل علم و ایمان کی گواہی بلکہ خود ان کی اپنی کھالوں، ان کے ہاتھوں اور پاؤں کی گواہی سے ان کو جھٹلا دیا جائے گا۔ اگر وہ معذرت کی اجازت چاہیں کہ ان کو اب واپس لوٹا دیا جائے تو وہ ایسا کام ہرگز نہیں کریں گے جس سے انہیں روکا گیا ہے۔۔۔ تو ان کی معذرت قبول نہ کی جائے گی۔ ﴿ وَلَا هُمْ يُسْتَعْتَبُونَ﴾ ” اور نہ ان سے توبہ قبول کی جائے گی“ یعنی وہ ہمیشہ زیر عتاب رہیں گے۔