سورة الروم - آیت 44
مَن كَفَرَ فَعَلَيْهِ كُفْرُهُ ۖ وَمَنْ عَمِلَ صَالِحًا فَلِأَنفُسِهِمْ يَمْهَدُونَ
ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب
کفر کرنے والوں پر ان کے کفر کا وبال ہوگا اور نیک کام کرنے والے اپنی ہی آرام گاہ سنوار رہے ہیں۔ (١)
تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی
﴿ مَن كَفَرَ﴾ ” جس نے کفر کیا“ ان میں سے ﴿ فَعَلَيْهِ كُفْرُهُ﴾ ” تو اس کے کفر کا ضرر اسی کو ہے۔“ یعنی اس کی سزا صرف اسی کی ذات کو ملے گی اور کوئی کسی دوسرے کا بوجھ نہیں اٹھائے گا ﴿ وَمَنْ عَمِلَ صَالِحًا﴾ ” اور جس نے نیک عمل کیے۔“ یعنی جو کوئی اللہ تعالیٰ اور بندوں کے حقوق واجبہ و مستحبہ ادا کرتا ہے۔ ﴿ فَلِأَنفُسِهِمْ﴾ ” تو وہ اپنے ہی لیے“ نہ کہ کسی دوسرے کے لیے ﴿ يَمْهَدُونَ﴾ یہ اعمال صالحہ تیار کر رہے ہیں، اپنی ہی آخرت کو آباد کر رہے ہیں، جنت کے بالا خانوں اور منازل کے حصول کے لیے اپنے آپ کو تیار کر رہے ہیں۔