وَاسْتَكْبَرَ هُوَ وَجُنُودُهُ فِي الْأَرْضِ بِغَيْرِ الْحَقِّ وَظَنُّوا أَنَّهُمْ إِلَيْنَا لَا يُرْجَعُونَ
اس نے اس کے لشکروں نے ناحق طریقے پر ملک میں تکبر کیا (١) اور سمجھ لیا کہ وہ ہماری جانب لوٹائے ہی نہ جائیں گے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا : ﴿وَاسْتَكْبَرَ هُوَ وَجُنُودُهُ فِي الْأَرْضِ بِغَيْرِ الْحَقِّ﴾ ” اور فرعون نے اور اس کے لشکر نے ناحق طور پر ملک میں تکبر کیا۔“ انہوں نے اللہ تعالیٰ کے بندوں کے ساتھ متکبرانہ رویہ رکھا اور ان کو سخت عذاب میں مبتلا کیا، انہوں نے اللہ تعالیٰ کے رسولوں اور ان کی دعوت کو تکبر کے ساتھ ٹھکرادیا۔ انہوں نے ان آیات الہٰی کی تکذیب کی اور اس زعم باطل میں مبتلا رہے کہ ان کا مسلک اعلیٰ و افضل ہے۔ ﴿وَظَنُّوا أَنَّهُمْ إِلَيْنَا لَا يُرْجَعُونَ﴾ ” اور وہ خیال کرتے تھے کہ وہ ہماری طرف لوٹ کر نہیں آئیں گے۔“ اس لئے انہیں ایسا کرنے کی جرأت ہوئی ورنہ اگر انہیں علم ہوتا اور انہیں اس بات کا یقین ہوتا کہ وہ اللہ تعالیٰ کی طرف لوٹ کر جائیں گے تو وہ کبھی بھی ایسا کام نہ کرتے جو انہوں نے کیا۔