سورة الأنبياء - آیت 84

فَاسْتَجَبْنَا لَهُ فَكَشَفْنَا مَا بِهِ مِن ضُرٍّ ۖ وَآتَيْنَاهُ أَهْلَهُ وَمِثْلَهُم مَّعَهُمْ رَحْمَةً مِّنْ عِندِنَا وَذِكْرَىٰ لِلْعَابِدِينَ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

تو ہم نے اس کی سن لی اور جو دکھ انھیں تھا اسے دور کردیا اور اس کو اہل و عیال عطا فرمائے بلکہ ان کے ساتھ ویسے ہی اور، اپنی خاص مہربانی (١) سے تاکہ سچے بندوں کے لئے سبب نصیحت ہو۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿ وَآتَيْنَاهُ أَهْلَهُ ﴾ یعنی ہم نے ان کو ان کا مال اور اہل و عیال واپس لوٹا دیئے ﴿ وَمِثْلَهُم مَّعَهُمْ ﴾ ” اور ان کی مثل ان کے ساتھ اور۔‘‘ اس طرح کہ اللہ تعالیٰ نے ان کو عافیت، اہل و عیال اور بہت سا مال عطا کیا ﴿ رَحْمَةً مِّنْ عِندِنَا ﴾ ” اپنی طرف سے مہربانی کرتے ہوئے۔“ کیونکہ آپ نے صبر کیا اور اللہ تعالیٰ پر راضی رہے، تو اللہ تعالیٰ نے آپ کو اخروی ثواب سے پہلے دنیاوی ثواب سے سرفراز کیا۔ ﴿ وَذِكْرَىٰ لِلْعَابِدِينَ ﴾ ہم نے اس واقعہ کو عبادت گزاروں کے لئے عبرت بنا دیا جو صبر سے کام لیتے ہیں۔ اگر لوگ دیکھیں کہ ایوب علیہ السلام کس آزمائش میں مبتلا ہوئے پھر اس مصیبت کے زائل ہونے کے بعد اللہ تعالیٰ نے آپ کو کتنے بڑے ثواب سے نوازا تو صبر ہی کو اس کا سبب پائیں گے۔ بنا بریں اللہ تعالیٰ نے ایوب علیہ السلام کی ان الفاظ میں مدح فرمائی۔ ﴿ إِنَّا وَجَدْنَاهُ صَابِرًا ۚ نِّعْمَ الْعَبْدُ إِنَّهُ أَوَّابٌ ﴾ (ص : 38 ؍44) ”ہم نے اسے صبر کرنے والا پایا، وہ بہترین بندہ اور اپنے رب کی طرف بہت ہی رجوع کرنے والا تھا۔“ جب اہل ایمان کو کوئی تکلیف پہنچتی ہے تو حضرت ایوب علیہ السلام کے اسوہ پر عمل کرتے ہوئے صبر کرتے ہیں۔