سورة ابراھیم - آیت 33
وَسَخَّرَ لَكُمُ الشَّمْسَ وَالْقَمَرَ دَائِبَيْنِ ۖ وَسَخَّرَ لَكُمُ اللَّيْلَ وَالنَّهَارَ
ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی
اسی نے تمہارے لئے سورج چاند کو مسخر کردیا ہے کہ برابر ہی چل رہے ہیں (١) اور رات دن کو بھی تمہارے کام میں لگا رکھا ہے (٢)۔
تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی
﴿وَسَخَّرَ لَكُمُ الشَّمْسَ وَالْقَمَرَ دَائِبَيْنِ﴾ ” اور کام میں لگادیا تمہارے لئے سورج اور چاند کو، ایک دستور پر برابر۔“ ان کی رفتار میں نرمی آتی ہے نہ وہ سست پڑتے ہیں بلکہ تمہارے مصالح یعنی زمان واوقات کے حساب، تمہارے ابدان، تمہارے مویشی و حیوانات، کھیتوں اور باغات کے فائدے کے لئے رواں دواں رہتے ہیں۔ ﴿وَسَخَّرَ لَكُمُ اللَّيْلَ﴾ ” اور کام میں لگایا دیا تمہارے لئے رات کو“ تاکہ تم آرام کرسکو۔ ﴿ وَالنَّهَارَ﴾ ” اور دن کو“ تمہارے دیکھنے کے لئے تاکہ تم اللہ کا فضل تلاش کرو۔