سورة ابراھیم - آیت 32

اللَّهُ الَّذِي خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ وَأَنزَلَ مِنَ السَّمَاءِ مَاءً فَأَخْرَجَ بِهِ مِنَ الثَّمَرَاتِ رِزْقًا لَّكُمْ ۖ وَسَخَّرَ لَكُمُ الْفُلْكَ لِتَجْرِيَ فِي الْبَحْرِ بِأَمْرِهِ ۖ وَسَخَّرَ لَكُمُ الْأَنْهَارَ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

اللہ وہ ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا اور آسمانوں سے بارش برسا کر اس کے ذریعے تمہاری روزی کے پھل نکالے ہیں اور کشتیوں کو تمہارے بس میں کردیا کہ دریاؤں میں اس کے حکم سے چلیں پھریں۔ اسی نے ندیاں اور نہریں تمہارے اختیار میں کردی ہیں (١)۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

اللہ تبارک وتعالیٰ آگاہ فرماتا ہے کہ وہ اکیلا ہی ہے ﴿ الَّذِي خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ﴾ ” جس نے آسمانوں اور زمین کو (ان کی وسعتوں کے ساتھ) پیدا کیا“ ﴿وَأَنزَلَ مِنَ السَّمَاءِ مَاءً﴾ ” اور اتارا آسمان سے پانی“ اس سے مراد وہ بارش ہے جسے اللہ تعالیٰ بادلوں سے برساتا ہے ﴿ فَأَخْرَجَ بِهِ ﴾ ” پس اس کے ذریعے سے نکالے۔“ یعنی اس پانی کے ذریعے سے ﴿مِنَ الثَّمَرَاتِ﴾ مختلف انواع کے پھل ﴿رِزْقًا لَّكُمْ﴾ تمہارے اور تمہارے مویشیوں کے لئے رزق ﴿وَسَخَّرَ لَكُمُ الْفُلْكَ﴾ ” اور کام میں لگادیا تمہارے لئے کشتیوں کو“ یعنی جہاز، اور کشتیاں ﴿لِتَجْرِيَ فِي الْبَحْرِ بِأَمْرِهِ ﴾ ” کہ چلیں وہ سمندر میں اس کے حکم سے“ وہی ہے جس نے جہازوں اور کشتیوں کی صنعت کو تمہارے لئے آسان بناکر تمہیں ان پر قدرت عطا کی۔ پانی کی موجوں پر ان کی حفاظت کی۔ تاکہ تمہیں اور تمہارے تجارتی مال واسبا کو اس شہرتک اٹھالے جائے جہاں کا تم قصد رکھتے ہو۔ ﴿وَسَخَّرَ لَكُمُ الْأَنْهَارَ﴾ ” اور کام میں لگادیا تمہارے لئے نہروں کو“ تاکہ تم اپنے کھیتوں اور باغات کو سیراب کرو اور خود بھی ان کا پانی پیو۔