سورة الشعراء - آیت 18

قَالَ أَلَمْ نُرَبِّكَ فِينَا وَلِيدًا وَلَبِثْتَ فِينَا مِنْ عُمُرِكَ سِنِينَ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

فرعوں نے کہا کہ کیا ہم نے تجھے تیرے بچپن کے زمانہ میں اپنے ہاں نہیں پالا تھا ؟ (١) اور تو نے اپنی عمر کے بہت سے سال ہم میں نہیں گزارے؟ (٢)

تفسیر مکہ - حافظ صلاح الدین یوسف حافظ

* فرعون نے حضرت موسیٰ (عليہ السلام) کی دعوت اور مطالبے پر غور کرنے کے بجائے ، ان کی تحقیر وتنقیص کرنی شروع کر دی اور کہا کہ کیا تو وہی نہیں ہے جو ہماری گود میں اور ہمارے گھر میں پلا ، جب کہ ہم بنی اسرائیل کے بچوں کو قتل کر ڈالتے تھے؟ ** بعض کہتے ہیں کہ 18 سال فرعون کے محل میں بسر کیے، بعض کے نزدیک 30 اور بعض کے نزدیک چالیس سال۔ یعنی اتنی عمر ہمارے پاس گزارنے کے بعد، چند سال ادھر ادھر رہ کر اب تو نبوت کا دعویٰ کرنے لگا ہے؟