سورة النسآء - آیت 103

فَإِذَا قَضَيْتُمُ الصَّلَاةَ فَاذْكُرُوا اللَّهَ قِيَامًا وَقُعُودًا وَعَلَىٰ جُنُوبِكُمْ ۚ فَإِذَا اطْمَأْنَنتُمْ فَأَقِيمُوا الصَّلَاةَ ۚ إِنَّ الصَّلَاةَ كَانَتْ عَلَى الْمُؤْمِنِينَ كِتَابًا مَّوْقُوتًا

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

پھر جب تم نماز ادا کر چکو تو اٹھتے بیٹھتے اور لیٹے اللہ تعالیٰ کا ذکر کرتے رہو (١) اور جب اطمینان پاؤ تو نماز قائم کرو (٢) یقیناً نماز مومنوں پر مقررہ وقتوں پر فرض ہے۔ (٣)

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

صلوٰۃ خوف کے بعد کثرت ذکر اللہ تعالیٰ اس آیت میں حکم دیتا ہے کہ نماز خوف کے بعد اللہ کا ذکر بکثرت کیا کرو ، گو ذکر اللہ کا حکم اور اس کی ترغیب وتاکید اور نمازوں کے بعد بلکہ ہر وقت ہی ہے ، لیکن یہاں خصوصیت سے اس لیے بیان فرمایا کہ یہاں بہت بڑی رخصت عنایت فرمائی ہے نماز میں تخفیف کر دی ، پھر حالت نماز میں اِدھر اُدھر ہٹنا جانا اور آنا مصلحت کے مطابق جائز رکھا ، جیسے حرمت والے مہینوں کے متعلق فرمایا«فَلَا تَظْلِمُوا فِیہِنَّ أَنفُسَکُمْ» ۱؎ (9-التوبۃ:36) ’ ان میں اپنی جانوں پر ظلم نہ کرو ‘ جب کہ اور اوقات میں بھی ظلم ممنوع ہے لیکن ان کے مہینوں میں اس سے بچاؤ کی مزید تاکید کی ہے ۔ تو فرمان ہوتا ہے کہ اپنی ہر حالت میں اللہ عزوجل کا ذکر کرتے رہو ، اور جب اطمینان حاصل ہو جائے ڈر خوف نہ رہے تو باقاعدہ خشوع خضوع سے ارکان نماز کو پابندی کے مطابق شرع بجا لاؤ ، نماز پڑھنا وقت مقررہ پر منجانب اللہ فرض عین ہے ، جس طرح حج کا وقت معین ہے اسی طرح نماز کا وقت بھی مقرر ہے ، ایک وقت کے بعد دوسرا پھر دوسرے کے بعد تیسرا ۔ پھر فرماتا ہے دشمنوں کی تلاش میں کم ہمتی نہ کرو چستی اور چالاکی سے گھات کی جگہ بیٹھ کر ان کی خبر لو ، اگر قتل و زخم ونقصان تمہیں پہنچتا ہے تو کیا انہیں نہیں پہنچتا ؟ اسی مضمون کو ان الفاظ میں بھی ادا کیا گیا ہے« إِن یَمْسَسْکُمْ قَرْحٌ فَقَدْ مَسَّ الْقَوْمَ قَرْحٌ مِّثْلُہُ» ۱؎ (3-آل عمران:140) پس مصیبت اور تکلیف کے پہنچنے میں تم اور وہ برابر ہیں ، لیکن بہت بڑا فرق یہ ہے کہ تمہیں ذات عزاسمہ سے وہ اُمیدیں اور وہ آسرے ہیں جو انہیں نہیں ، تمہیں اجر و ثواب بھی ملے گا تمہاری نصرت و تائید بھی ہو گی ، جیسے کہ خود باری تعالیٰ نے خبر دی ہے اور وعدہ کیا ، نہ اس کی خبر جھوٹی نہ اس کے وعدے ٹلنے والے ۔ پس تمہیں بہ نسبت ان کے بہت تگ و دو چاہیئے تمہارے دلوں میں جہاد کا ولولہ ہونا چاہیئے ، تمہیں اس کی رغبت کامل ہونی چاہیئے ، تمہارے دلوں میں اللہ کے کلمے کو مستحکم کرنے توانا کرنے پھیلانے اور بلند کرنے کی تڑپ ہر وقت موجود رہنی چاہیئے اللہ تعالیٰ جو کچھ مقرر کرتا ہے جو فیصلہ کرتا ہے جو جاری کرتا ہے جو شرع مقرر کرتا ہے جو کام کرتا ہے سب میں پوری خبر کا مالک صحیح اور سچے علم والا ساتھ ہی حکمت والا بھی ہے ، ہر حال میں ہر وقت سزاوار تعریف و حمد وہی ہے ۔