سورة المرسلات - آیت 1

وَالْمُرْسَلَاتِ عُرْفًا

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

دل خوش کن چلتی ہوئی ہواؤں کی قسم (١)

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

فرشتوں اور ہواؤں کی قسم بعض بزرگ صحابہ تابعین وغیرہ سے تو مروی ہے کہ مذکورہ بالا قسمیں ان اوصاف والے فرشتوں کی کھائی ہیں ، بعض کہتے ہیں پہلے کی چار قسمیں تو ہواؤں کی ہیں اور پانچویں قسم فرشتوں کی ہے ۔ بعض نے توقف کیا ہے کہ «وَالْمُرْسَلَاتِ» سے مراد یا تو فرشتے ہیں یا ہوائیں ہیں ، ہاں «والْعَاصِفَاتِ» میں کہا ہے کہ اس سے مراد تو ہوائیں ہی ہیں ، بعض «عاصفات» میں یہ فرماتے ہیں اور «نَّاشِرَاتِ» میں کوئی فیصلہ نہیں کرتے ، یہ بھی مروی ہے کہ «نَّاشِرَاتِ» سے مراد بارش ہے ، بہ ظاہر تو یہ معلوم ہوتا ہے کہ «مُُرْسَلَاتِ» سے مراد ہوائیں ہے ۔ جیسے اور جگہ فرمان باری «‏‏‏‏وَاَرْسَلْنَا الرِّیٰحَ لَوَاقِحَ فَاَنْزَلْنَا مِنَ السَّمَاءِ مَاءً فَاَسْقَیْنٰکُمُوْہُ وَمَآ اَنْتُمْ لَہٗ بِخٰزِنِیْنَ» ۱؎ (15-الحجر:22) یعنی ’ ہم نے ہوائیں چلائیں جو ابر کو بوجھل کرنے والی ہیں ‘ ۔ اور جگہ ہے «وَمِنْ اٰیٰتِہٖٓ اَنْ یٰرْسِلَ الرِّیَاحَ مُبَشِّرٰتٍ وَّلِیُذِیْقَکُمْ مِّنْ رَّحْمَتِہٖ وَلِتَجْرِیَ الْفُلْکُ بِاَمْرِہٖ وَلِتَبْتَغُوْا مِنْ فَضْلِہٖ وَلَعَلَّکُمْ تَشْکُرُوْنَ» ۱؎ (30-الروم:46) الخ ’ اپنی رحمت سے پیشتر اس کی خوشخبری دنیے والی ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں وہ چلاتا ہے ‘ ۔ «عَاصِفَاتِ» سے بھی مراد ہوائیں ہیں ، وہ نرم ہلکی اور بھینی بھینی ہوائیں تھیں یہ ذرا تیز جھونکوں والی اور آواز والی ہوائیں ہیں ۔ «نَّاشِرَاتِ» سے مراد بھی ہوائیں ہیں جو بادلوں کو آسمان میں ہر چار سو پھیلا دیتی ہیں اور جدھر اللہ کا حکم ہوتا ہے انہیں لے جاتی ہیں ۔ «فَارِقَاتِ» اور «مُلْقِیَاتِ» سے مراد البتہ فرشتے ہیں جو اللہ تعالیٰ کے حکم سے رسولوں پر وحی لے کر آتے ہیں جس سے حق و باطل ، حلال و حرام میں ، ضالت و ہدایت میں امتیاز اور فرق ہو جاتا ہے تاکہ لوگوں کے عذر ختم ہو جائیں اور منکرین کو تنبیہ ہو جائے ۔ ان قسموں کے بعد فرمان ہے کہ ’ جس قیامت کا تم سے وعدہ کیا گیا ہے جس دن تم سب کے سب اول آخر والے اپنی اپنی قبروں سے دوبارہ زندہ کئے جاؤ گے اور اپنے کرتوت کا پھل پاؤ گے نیکی کی جزا اور بدی کی سزا پاؤ گے ، صور پھونک دیا جائے گا اور ایک چٹیل میدان میں تم سب جمع کر دئیے جاؤ گے یہ وعدہ یقیناً حق ہے اور ہو کر رہنے والا اور لازمی طور پر آنے والا ہے ، اس دن ستاروں کا نور اور ان کی چمک دمک ماند پڑ جائے گی‘ ۔ جیسے فرمایا «‏‏‏‏وَاِذَا النٰجُوْمُ انْکَدَرَتْ» ۱؎ (81-التکویر:2) اور جگہ فرمایا «‏‏‏‏وَاِذَا الْکَوَاکِبُ انْتَثَرَتْ» ۱؎ (82-الإنفطار:2) ’ ستارے بے نور ہو کر گر جائیں گے اور آسمان پھٹ جائے گا ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے گا اور پہاڑ ریزہ ریزہ ہو کر اڑ جائیں گے یہاں تک کہ نام نشان بھی باقی نہ رہے گا ‘ ۔ جیسے اور جگہ ہے «‏‏‏‏وَیَسْــَٔـلُوْنَکَ عَنِ الْجِبَالِ فَقُلْ یَنْسِفُہَا رَبِّیْ نَسْفًا» ۱؎ (20-طہ:105) اور فرمایا «وَیَوْمَ نُسَیِّرُ الْجِبَالَ وَتَرَی الْاَرْضَ بَارِزَۃً وَّحَشَرْنٰہُمْ فَلَمْ نُغَادِرْ مِنْہُمْ اَحَدًا» ۱؎ (18-الکہف:47) ، یعنی ’ پہاڑ ریزہ ریزہ ہو کر اڑ جائیں گے اور اس دن وہ چلنے لگیں گے بالکل نام و نشان مٹ جائے گا اور زمین ہموار بغیر اونچ نیچے کی رہ جائے گی اور رسولوں کو جمع کیا جائے گا اس وقت مقررہ پر انہیں لایا جائے گا ‘ ۔ جیسے اور جگہ ہے «‏‏‏‏یَوْمَ یَجْمَعُ اللّٰہُ الرٰسُلَ فَیَقُوْلُ مَاذَآ اُجِبْتُمْ» ۱؎ (5-المائدۃ:109) ’ اس دن اللہ تعالیٰ رسولوں کو جمع کرے گا اور ان سے شہادتیں لے گا ‘ ۔ جیسے اور جگہ ہے «‏‏‏‏وَاَشْرَقَتِ الْاَرْضُ بِنُوْرِ رَبِّہَا وَوُضِعَ الْکِتٰبُ وَجِایْءَ بالنَّـبِیّٖنَ وَالشٰہَدَاءِ وَقُضِیَ بَیْنَہُمْ بالْحَــقِّ وَہُمْ لَا یُظْلَمُوْنَ» ۱؎ (39-الزمر:69) ’ زمین اپنے رب کے نور سے چمک اٹھے گی ، نامہ اعمال دے دیئے جائیں گے ، نبیوں کو اور گواہوں کو لایا جائے گا اور حق و انصاف کے ساتھ فیصلے کئے جائیں گے اور کسی پر ظلم نہ ہو گا ‘ ۔ پھر فرماتا ہے کہ ’ ان رسولوں کو ٹھہرایا گیا تھا اس لیے کہ قیامت کے دن فیصلے ہوں گے ‘ ۔ جیسے فرمایا «‏‏‏‏فَلَا تَحْسَبَنَّ اللّٰہَ مُخْلِفَ وَعْدِہٖ رُسُلَہٗ اِنَّ اللّٰہَ عَزِیْزٌ ذو انْتِقَامٍ» ۱؎ (14-إبراھیم:47) ’ یہ خیال نہ کر کہ اللہ تعالیٰ اپنے رسولوں سے وعدہ خلافی کرے گا ، نہیں نہیں اللہ تعالیٰ بڑے غلبہ والا اور انتقام والا ہے ، جس دن یہ زمین بدل دی جائے گی اور آسمان بھی اور سب کے سب اللہ واحد و قہار کے سامنے پیش ہو جائیں گے ‘ ۔ اسی کو یہاں فیصلے کا دن کہا گیا ، پھر اس دن کی عظمت ظاہر کرنے کے لیے فرمایا : ’ میرے معلوم کرائے بغیر اے نبی کریم تم بھی اس دن کی حقیقت سے باخبر نہیں ہو سکتے ، اس دن ان جھٹلانے والوں کے لیے سخت خرابی ہے ‘ ۔ ایک غیر صحیح حدیث میں یہ بھی گزر چکا ہے کہ { ویل جہنم کی ایک وادی کا نام ہے } ۔ ۱؎ (سنن ترمذی:3164،قال الشیخ الألبانی:ضعیف)