سورة الحاقة - آیت 38

فَلَا أُقْسِمُ بِمَا تُبْصِرُونَ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

پس مجھے قسم ہے ان چیزوں کی جنہیں تم دیکھتے ہو۔

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

ظاہر و باطن آیات الٰہی اللہ تعالیٰ اپنی مخلوق میں سے اپنی ان نشانیوں کی قسم کھا رہا ہے جنہیں لوگ دیکھ رہے ہیں اور ان کی بھی جو لوگوں کی نگاہوں سے پوشیدہ ہیں ، اس بات پر کہ قرآن کریم اس کا کلام اور اس کی وحی ہے جو اس نے اپنے بندے اور اپنے برگزیدہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر اتاری ہے ، جسے اس نے ادائے امانت اور تبلیغ رسالت کے لیے پسند فرما لیا ہے ۔ رسول اللہ سے مراد محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہیں ، اس کی اضافت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف سے اس لیے کئی گئی کہ اس کے مبلغ اور پہنچانے والے آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہی ہیں ۔ اسی لیے لفظ رسول لائے کیونکہ رسول تو پیغام اپنے بھیجنے والے کا پہنچاتا ہے گو زبان اس کی ہوتی ہے لیکن کہا ہوا بھیجنے والے کا ہوتا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ سورۃ التکویر میں اس کی نسبت اس رسول کی طرف کی گئی ہے جو فرشتوں میں سے ہیں فرمان ہے «إِنَّہُ لَقَوْلُ رَسُولٍ کَرِیمٍ ذِی قُوَّۃٍ عِندَ ذِی الْعَرْشِ مَکِینٍ مٰطَاعٍ ثَمَّ أَمِینٍ وَمَا صَاحِبُکُم بِمَجْنُونٍ وَلَقَدْ رَآہُ بِالْأُفُقِ الْمُبِینِ وَمَا ہُوَ عَلَی الْغَیْبِ بِضَنِینٍ وَمَا ہُوَ بِقَوْلِ شَیْطَانٍ رَّجِیمٍ» (81-التکویر:19-25) ، یعنی ’ یہ قول اس بزرگ رسول کا ہے جو قوت والا اور مالک عرش کے پاس رہنے والا ہے وہاں اس کا کہنا مانا جاتا ہے اور ہے بھی وہ امانت دار۔ ‘ ، اس سے مراد جبرائیل علیہ السلام ہیں ، اسی لیے اس کے بعد فرمایا ’ تمہارے ساتھی یعنی محمد [ صلی اللہ علیہ وسلم ] مجنون نہیں بلکہ آپ نے جبرائیل کو ان کی اصلی صورت میں صاف کناروں پر دیکھا بھی ہے اور وہ پوشیدہ علم پر بخیل بھی نہیں ، نہ یہ شیطان رجیم کا قول ہے ۔ ‘ اسی طرح یہاں بھی ارشاد ہوتا ہے کہ ’ نہ تو یہ شاعر کا کلام ہے ، نہ کاہن کا قول ہے البتہ تمہارے ایمان میں اور نصیحت حاصل کرنے میں کمی ہے ۔ ‘ پس کبھی تو اپنے کلام کی نسبت رسول انسی کی طرف کی اور کبھی رسول ملکی کی طرف ، اس لیے کہ یہ اس کے پہنچانے والے لانے والے اور اس پر امین ہیں ، ہاں دراصل کلام کس کا ہے ؟ اسے بھی ساتھ ہی ساتھ بیان فرما دیا کہ ’ یہ اتارا ہوا رب العالمین کا ہے ۔ ‘ سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ اپنے اسلام لانے سے پہلے کا اپنا واقعہ بیان کرتے ہیں کہ ” میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس گیا دیکھا کہ آپ مسجد حرم میں پہنچ گئے ہیں ، میں بھی گیا اور آپ کے پیچھے کھڑا ہو گیا آپ نے سورۃ الحاقہ شروع کی جسے سن کر مجھے اس کی پیاری نشست الفاظ اور بندش مضامین اور فصاحت و بلاغت پر تعجب آنے لگا آخر میں میرے دل میں خیال آیا کہ قریش ٹھیک کہتے ہیں یہ شخص شاعر ہے ابھی میں اسی خیال میں تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ آیتیں تلاوت کیں کہ ’ یہ قول رسول اللہ کا ہے ، شاعر کا نہیں ، تم میں ایمان ہی کم ہے ‘ تو میں نے کہا اچھا شاعر نہ سہی ، کاہن تو ضرور ہے ، ادھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تلاوت میں یہ آیت آئی کہ ’ یہ کاہن کا قول بھی نہیں تم نے نصیحت ہی کم لی ہے ‘ ، اب آپ صلی اللہ علیہ وسلم پڑھتے چلے گئے یہاں تک کہ پوری سورت ختم کی ۔ فرماتے ہیں یہ پہلا موقعہ تھا کہ میرے دل میں اسلام پوری طرح گھر کر گیا اور روئیں روئیں میں اسلام کی سچائی گھس گئی “ ۔ ۱؎ (سلسلۃ احادیث ضعیفہ البانی:6531) پس یہ بھی منجملہ ان اسباب کے جو عمر رضی اللہ عنہ کے اسلام کا باعث ہوئے ایک خاص سبب ہے ، ہم نے آپ کے اسلام لانے کی پوری کیفیت سیرت عمر میں لکھ دی ہے ۔ «وَلِلہِ الْحَمْد وَالْمِنَّۃ»