سورة الملك - آیت 5

وَلَقَدْ زَيَّنَّا السَّمَاءَ الدُّنْيَا بِمَصَابِيحَ وَجَعَلْنَاهَا رُجُومًا لِّلشَّيَاطِينِ ۖ وَأَعْتَدْنَا لَهُمْ عَذَابَ السَّعِيرِ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

بیشک ہم نے آسمان دنیا کو چراغوں (ستاروں) سے آراستہ کیا اور انہیں شیطان کے مارنے کا ذریعہ (١) بنا دیا اور شیطانوں کے لئے ہم نے (دوزخ جلانے والا) عذاب تیار کردیا۔

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

1 تو فرمایا ’ آسمان دنیا کو ہم نے ان قدرتی چراغوں یعنی ستاروں سے بارونق بنا رکھا ہے جن میں بعض چلنے پھرنے والے ہیں اور بعض ایک جا ٹھہرے رہنے والے ہیں ‘ ۔ پھر ان کا ایک اور فائدہ بیان ہو رہا ہے کہ ’ ان سے شیطانوں کو مارا جاتا ہے ان میں سے شعلے نکل کر ان پر گرتے ہیں ‘ یہ نہیں کہ خود ستارہ ان پر ٹوٹے ۔ «وَاللہُ اَعْلَمُ» شیاطین کی دنیا میں یہ رسوائی تو دیکھتے ہی ہو آخرت میں بھی ان کے لیے جلانے والا عذاب ہے ۔ جیسے سورۃ صافات کے شروع میں ہے کہ «إِنَّا زَیَّنَّا السَّمَاءَ الدٰنْیَا بِزِینَۃٍ الْکَوَاکِبِ وَحِفْظًا مِّن کُلِّ شَیْطَانٍ مَّارِدٍ لَّا یَسَّمَّعُونَ إِلَی الْمَلَإِ الْأَعْلَیٰ وَیُقْذَفُونَ مِن کُلِّ جَانِبٍ دُحُورًا وَلَہُمْ عَذَابٌ وَاصِبٌ إِلَّا مَنْ خَطِفَ الْخَطْفَۃَ فَأَتْبَعَہُ شِہَابٌ ثَاقِبٌ» ۱؎ (37-الصافات:6-10) ’ ہم نے آسمان دنیا کو ستاروں سے زینت دی ہے اور سرکش شیطانوں کی حفاظت میں انہیں رکھا ہے ، وہ بلند و بالا فرشتوں کی باتیں سن نہیں سکتے اور چاروں طرف سے حملہ کر کے بھگا دیئے جاتے ہیں اور ان کے لیے دائمی عذاب ہے اگر کوئی ان میں سے ایک آدھ بات اچک کر لے بھاگتا ہے تو اس کے پیچھے چمکدار تیز شعلہ لپکتا ہے ‘ ۔ قتادہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں ” ستارے تین فائدے کے لیے پیدا کئے گئے ہیں ، آسمان کی زینت ، شیطانوں کی مار اور راہ پانے کے نشانات ۔ جس شخص نے اس کے سوا کوئی اور بات تلاش کی اس نے رائے کی پیروی کی اور اپنا صحیح حصہ کھو دیا اور باوجود علم نہ ہونے کے تکلف کیا “ ۔ (ابن جریر اور ابن ابی حاتم)