وَاعْلَمُوا أَنَّ فِيكُمْ رَسُولَ اللَّهِ ۚ لَوْ يُطِيعُكُمْ فِي كَثِيرٍ مِّنَ الْأَمْرِ لَعَنِتُّمْ وَلَٰكِنَّ اللَّهَ حَبَّبَ إِلَيْكُمُ الْإِيمَانَ وَزَيَّنَهُ فِي قُلُوبِكُمْ وَكَرَّهَ إِلَيْكُمُ الْكُفْرَ وَالْفُسُوقَ وَالْعِصْيَانَ ۚ أُولَٰئِكَ هُمُ الرَّاشِدُونَ
اور جان رکھو کہ تم میں اللہ کے رسول موجود ہیں (١) اگر وہ تمہارا کہا کرتے رہے بہت امور میں تو تم مشکل میں پڑجاؤ لیکن اللہ تعالیٰ نے ایمان کو تمہارے دلوں میں زینت دے رکھی ہے اور کفر کو اور گناہ کو اور نافرمانی کو تمہاری نگاہوں میں ناپسندیدہ بنا دیا ہے، یہی لوگ راہ یافتہ ہیں۔
1 پھر فرماتا ہے کہ جان لو کہ تم میں اللہ کے رسول موجود ہیں ان کی تعظیم و توقیر کرنا عزت و ادب کرنا ان کے احکام کو سر آنکھوں سے بجا لانا تمہارا فرض ہے ، وہ تمہاری مصلحتوں سے بہت آگاہ ہیں ، انہیں تم سے بہت محبت ہے ، وہ تمہیں مشقت میں ڈالنا نہیں چاہتے ۔ تم اپنی بھلائی کے اتنے خواہاں اور اتنے واقف نہیں ہو جتنے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ہیں ۔ چنانچہ اور جگہ ارشاد ہے «النَّبِیٰ أَوْلَیٰ بِالْمُؤْمِنِینَ مِنْ أَنفُسِہِمْ وَأَزْوَاجُہُ أُمَّہَاتُہُمْ وَأُولُو الْأَرْحَامِ بَعْضُہُمْ أَوْلَیٰ بِبَعْضٍ فِی کِتَابِ اللہِ مِنَ الْمُؤْمِنِینَ وَالْمُہَاجِرِینَ إِلَّا أَن تَفْعَلُوا إِلَیٰ أَوْلِیَائِکُم مَّعْرُوفًا کَانَ ذٰلِکَ فِی الْکِتَابِ مَسْطُورًا» ۱؎ (33-الأحزاب:6) یعنی ’ مسلمانوں کے معاملات میں ان کی اپنی بہ نسبت نبی [ صلی اللہ علیہ وسلم ] ان کے لیے زیادہ خیر اندیش ہیں ‘ ۔ پھر بیان فرمایا کہ ’ لوگو تمہاری عقلیں تمہاری مصلحتوں اور بھلائیوں کو نہیں پا سکتیں انہیں نبی صلی اللہ علیہ وسلم پا رہے ہیں ۔ پس اگر وہ تمہاری ہر پسندیدگی کی رائے پر عامل بنتے رہیں تو اس میں تمہارا ہی حرج واقع ہو گا ۔ ‘ جیسے اور آیت میں ہے «وَلَوِ اتَّبَعَ الْحَقٰ أَہْوَاءَہُمْ لَفَسَدَتِ السَّمَاوَاتُ وَالْأَرْضُ وَمَن فِیہِنَّ بَلْ أَتَیْنَاہُم بِذِکْرِہِمْ فَہُمْ عَن ذِکْرِہِم مٰعْرِضُونَ» ۱؎ (23-المؤمنون:71) یعنی ’ اگر سچا رب ان کی خوشی پر چلے تو آسمان و زمین اور ان کے درمیان کی ہر چیز خراب ہو جائے یہ نہیں بلکہ ہم نے انہیں ان کی نصیحت پہنچا دی ہے لیکن یہ اپنی نصیحت پر دھیان ہی نہیں دھرتے ‘ ۔ پھر فرماتا ہے کہ ’ اللہ نے ایمان کو تمہارے نفسوں میں محبوب بنا دیا ہے اور تمہارے دلوں میں اس کی عمدگی بٹھا دی ہے ‘ ۔ مسند احمد میں ہے { رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں : ” اسلام ظاہر ہے اور ایمان دل میں ہے پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے سینے کی طرف تین بار اشارہ کرتے اور فرماتے تقویٰ یہاں ہے ، پرہیزگاری کی جگہ یہ ہے “ } ۔ ۱؎ (سلسلۃ احادیث ضعیفہ البانی:6906) اس نے تمہارے دلوں میں کبیرہ گناہ اور تمام نافرمانیوں کی عداوت ڈال دی ہے اس طرح بتدریج تم پر اپنی نعمتیں بھرپور کر دی ہیں ۔ پھر ارشاد ہوتا ہے جن میں یہ پاک اوصاف ہیں انہیں اللہ نے رشد نیکی ہدایت اور بھلائی دے رکھی ہے ۔ مسند احمد میں ہے { احد کے دن جب مشرکین ٹوٹ پڑے تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” درستگی کے ساتھ ٹھیک ٹھاک ہو جاؤ ، تو میں نے اپنے رب عزوجل کی ثنأ بیان کروں“ ، پس لوگ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے صفیں باندھ کر کھڑے ہو گئے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ دعا پڑھی : « اللہُمَّ لَکَ الْحَمْدُ کُلٰہُ ، اللہُمَّ لاَ قَابِضَ لِمَا بَسَطْتَ ، وَلاَ بَاسِطَ لِمَا قَبَضْتَ ، وَلاَ ہَادِیَ لِمَنْ أَضْلَلْتَ ، وَلاَ مُضِلَّ لِمَنْ ہَدَیْتَ ، وَلاَ مُعْطِیَ لِمَا مَنَعْتَ ، وَلاَ مَانِعَ لِمَا أَعْطَیْتَ ، وَلاَ مُقَرِّبَ لِمَا بَاعَدْتَ ، وَلاَ مُبَاعِدَ لِمَا قَرَّبْتَ ، اللہُمَّ ابْسُطْ عَلَیْنَا مِنْ بَرَکَاتِکَ ، وَرَحْمَتِکَ ، وَفَضْلِکَ ، وَرِزْقِکَ ، اللہُمَّ إِنِّی أَسْأَلُکَ النَّعِیمَ الْمُقِیمَ الَّذِی لاَ یَحُولُ وَلاَ یَزُولُ ، اللہُمَّ إِنِّی أَسْأَلُکَ النَّعِیمَ یَوْمَ الْعَیْلَۃِ ، وَالأَمْنَ یَوْمَ الْخَوْفِ ، اللہُمَّ إِنِّی عَائِذٌ بِکَ مِنْ شَرِّ مَا أَعْطَیْتَنَا وَشَرِّ مَا مَنَعْتَنَا ، اللہُمَّ حَبِّبْ إِلَیْنَا الإِیمَانَ وَزِیِّنْہُ فِی قُلُوبِنَا ، وَکَرِّہْ إِلَیْنَا الْکُفْرَ وَالْفُسُوقَ وَالْعِصْیَانَ ، وَاجْعَلْنَا مِنَ الرَّاشِدِینَ ، اللہُمَّ تَوَفَّنَا مُسْلِمِینَ ، وَأَحْیِنَا مُسْلِمِینَ ، وَأَلْحِقْنَا بِالصَّالِحِینَ غَیْرَ خَزَایَا وَلاَ مَفْتُونِینَ ، اللہُمَّ قَاتِلِ الْکَفَرَۃَ الَّذِینَ یُکَذِّبُونَ رُسُلَکَ ، وَیَصُدٰونَ عَنْ سَبِیلِکَ ، وَاجْعَلْ عَلَیْہِمْ رِجْزَکَ وَعَذَابَکَ ، اللہُمَّ قَاتِلِ الکَفَرَۃَ الَّذِینَ أُوتُوا الْکِتَابَ ، إِلَہَ الْحَقِّ» (نسائی) یعنی ” اے اللہ ! تمام تر تعریف تیرے ہی لیے ہے ، تو جسے کشادگی دے اسے کوئی تنگ نہیں کر سکتا اور جس پر تو تنگی کرے اسے کوئی کشادہ نہیں کر سکتا ، تو جسے گمراہ کرے اسے کوئی ہدایت نہیں دے سکتا اور جسے تو ہدایت دے اسے کوئی گمراہ نہیں کر سکتا ، جس سے تو روک لے اسے کوئی دے نہیں سکتا اور جسے تو دے اس سے کوئی باز نہیں رکھ سکتا ، جسے تو دور کر دے اسے قریب کرنے والا کوئی نہیں اور جسے تو قریب کر لے اسے دور ڈالنے والا کوئی نہیں ، اے اللہ ! ہم پر اپنی برکتیں رحمتیں فضل اور رزق کشادہ کر دے ، اے اللہ ! میں تجھ سے وہ ہمیشہ کی نعمتیں چاہتا ہوں جو نہ ادھر ادھر ہوں ، نہ زائل ہوں ۔ اللہ ! فقیری اور احتیاج والے دن مجھے اپنی نعمتیں عطا فرمانا اور خوف والے دن مجھے امن عطا فرمانا ۔ پروردگار ! جو تو نے مجھے دے رکھا ہے اور جو نہیں دیا ان سب کی برائی سے تیری پناہ مانگتا ہوں ۔ اے میرے معبود ! ہمارے دلوں میں ایمان کی محبت ڈال دے اور اسے ہماری نظروں میں زینت دار بنا دے اور کفر ، بدکاری اور نافرمانی سے ہمارے دل میں دوری اور عداوت پیدا کر دے اور ہمیں راہ یافتہ لوگوں میں کر دے ۔ اے ہمارے رب ! ہمیں اسلام کی حالت میں فوت کر اور اسلام پر ہی زندہ رکھ اور نیک کار لوگوں سے ملا دے ، ہم رسوا نہ ہوں ، ہم فتنے میں نہ ڈالے جائیں ۔ اللہ ! ان کافروں کا ستیاناس کر جو تیرے رسولوں کو جھٹلائیں اور تیری راہ سے روکیں تو ان پر اپنی سزا اور اپنا عذاب نازل فرما ۔ الٰہی ! اہل کتاب کے کافروں کو بھی تباہ کر ، اے سچے معبود “ } ۔ ۱؎ (مسند احمد:2424/3:صحیح) یہ حدیث امام نسائی بھی اپنی کتاب (عمل الیوم واللیلہ) میں لائے ہیں ۔ مرفوع حدیث میں ہے { جس شخص کو اپنی نیکی اچھی لگے اور برائی اسے ناراض کرے وہ مومن ہے } ۔ ۱؎ (سنن ترمذی:2165،قال الشیخ الألبانی:صحیح) پھر فرماتا ہے یہ بخشش جو تمہیں عطا ہوئی ہے یہ تم پر اللہ کا فضل ہے اور اس کی نعمت ہے اللہ مستحقین ہدایت کو اور مستحقین ضلالت کو بخوبی جانتا ہے وہ اپنے اقوال و افعال میں حکیم ہے ۔