أَأُنزِلَ عَلَيْهِ الذِّكْرُ مِن بَيْنِنَا ۚ بَلْ هُمْ فِي شَكٍّ مِّن ذِكْرِي ۖ بَل لَّمَّا يَذُوقُوا عَذَابِ
کیا ہم سب میں سے اسی پر کلام الٰہی کیا گیا ہے؟ (١) دراصل یہ لوگ میری وحی کی طرف سے شک میں ہیں (٢) بلکہ (صحیح یہ ہے کہ) انہوں نے اب تک میرا عذاب چکھا ہی نہیں۔
1 ہم نے تو یہ بات نہ اپنے دین میں دیکھی نہ نصرانیوں کے دین میں ۔ یہ بالکل غلط اور جھوٹ اور بےسند بات ہے ۔ یہ کیسے کچھ تعجب کی بات ہے کہ اللہ میاں کو کوئی اور نظر ہی نہ آیا اور اس پر قرآن اتار دیا ۔ جیسے ایک اور آیت میں ان کا قول ہے « وَقَالُوْا لَوْلَا نُزِّلَ ھٰذَا الْقُرْاٰنُ عَلٰی رَجُلٍ مِّنَ الْقَرْیَـتَیْنِ عَظِیْمٍ أَہُمْ یَقْسِمُونَ رَحْمَتَ رَبِّکَ ۚ نَحْنُ قَسَمْنَا بَیْنَہُم مَّعِیشَتَہُمْ فِی الْحَیَاۃِ الدٰنْیَا ۚ وَرَفَعْنَا بَعْضَہُمْ فَوْقَ بَعْضٍ دَرَجَاتٍ لِّیَتَّخِذَ بَعْضُہُم بَعْضًا سُخْرِیًّا ۗ وَرَحْمَتُ رَبِّکَ خَیْرٌ مِّمَّا یَجْمَعُونَ» ( 43- الزخرف : 32 ، 31 ) یعنی ان دونوں شہروں میں کے کسی بڑے آدمی پر یہ قرآن کیوں نہ اتارا گیا ؟ جس کے جواب میں جناب باری کا ارشاد ہوا کہ کیا یہی لوگ رب کی رحمت کی تقسیم کرنے والے ہیں ؟ یہ تو اس قدر محتاج ہیں کہ ان کی اپنی روزیاں اور درجے بھی ہم تقسیم کرتے ہیں ۔ الغرض یہ اعتراض بھی ان کی حماقت کا غرہ تھا ۔ اللہ فرماتا ہے ، یہ ہے ان کے شک کا نتیجہ اور وجہ یہ ہے کہ اب تک یہ چکنی چپڑی کھاتے رہے ہیں ہمارے عذابوں سے سابقہ نہیں پڑا ۔ کل قیامت کے دن جبکہ دھکے دے کر جہنم میں گرائے جائیں گے ۔ اس وقت اپنی اس سرکشی کا مزہ پائیں گے ۔ پھر اللہ تعالیٰ اپنا قبضہ اور اپنی قدرت ظاہر فرماتا ہے کہ جو وہ چاہے کرے ، جسے چاہے جو چاہے دے ، عزت ذلت اس کے ہاتھ ہے ، ہدایت ضلالت اس کی طرف سے ہے ۔ وہ اپنے بندوں میں سے جس پر چاہے وحی نازل فرمائے اور جس کے دل پر چاہے اپنی مہر لگا دے بندوں کے اختیار میں کچھ نہیں وہ محض بے بس بالکل لاچار اور سراسر مجبور ہیں ۔ اسی لیے فرمایا کیا ان کے پاس اس بلند جناب غالب ، وہاب اللہ کی رحمت کے خزانے ہیں ؟ یعنی نہیں ہیں جیسے فرمایا « اَمْ لَھُمْ نَصِیْبٌ مِّنَ الْمُلْکِ فَاِذًا لَّا یُؤْتُوْنَ النَّاسَ نَقِیْرًا أَمْ یَحْسُدُونَ النَّاسَ عَلَیٰ مَا آتَاہُمُ اللہُ مِن فَضْلِہِ ۖ فَقَدْ آتَیْنَا آلَ إِبْرَاہِیمَ الْکِتَابَ وَالْحِکْمَۃَ وَآتَیْنَاہُم مٰلْکًا عَظِیمًا فَمِنْہُم مَّنْ آمَنَ بِہِ وَمِنْہُم مَّن صَدَّ عَنْہُ ۚ وَکَفَیٰ بِجَہَنَّمَ سَعِیرًا » ( 4- النسآء : 55-53 ) ، اگر اللہ کی حکمرانی کا کوئی حصہ ان کے ہاتھ میں ہوتا تو یہ بخیل تو کسی کو ٹکڑا بھی نہ کھانے دیتے ۔ اور انہیں لوگوں کے ہاتھوں میں اللہ کا فضل دیکھ کر حسد آ رہا ہے ؟ ہم نے آل ابراہیم کو کتاب و حکمت اور بہت بڑی سلطنت دی تھی ۔ ان میں سے بعض تو ایمان لائے اور بعض ایمان سے رکے رہے جو بھڑکتی جہنم کے لقمے بنیں گے وہ آگ ہی انہیں کافی ہے ۔ اور آیت میں ہے «قُلْ لَّوْ اَنْتُمْ تَمْلِکُوْنَ خَزَاۗیِٕنَ رَحْمَۃِ رَبِّیْٓ اِذًا لَّاَمْسَکْتُمْ خَشْیَۃَ الْاِنْفَاقِ ۭ وَکَانَ الْاِنْسَانُ قَتُوْرًا » ( 17- الإسراء : 100 ) ۔ یعنی اگر میرے رب کی رحمتوں کے خزانے تمہاری ملکیت میں ہوتے تو تم تو کمی سے ڈر کر خرچ کرنے سے رک جاتے انسان ہے ہی ناشکرا ۔ قوم صالح نے بھی اپنے نبی سے یہی کہا تھا کہ«أَأُلْقِیَ الذِّکْرُ عَلَیْہِ مِن بَیْنِنَا بَلْ ہُوَ کَذَّابٌ أَشِرٌ سَیَعْلَمُونَ غَدًا مَّنِ الْکَذَّابُ الْأَشِرُ» ( 54-القمر : 25 -26 ) ، کیا ہم سب کو چھوڑ کر اسی پر ذکر اتارا گیا ؟ نہیں بلکہ یہ کذاب اور شریر ہے ۔ اللہ فرماتا ہے کل معلوم کر لیں گے کہ ایسا کون ہے ؟ پھر فرمایا کیا زمین آسمان اور اس کے درمیان کی چیزوں پر ان کا اختیار ہے ؟ اگر ایسا ہے تو پھر آسمانوں کی راہوں پر چڑھ جائیں ساتویں آسمان پر پہنچ جائیں ۔ یہ یہاں کا لشکر بھی عنقریب ہزیمت و شکست اٹھائے گا اور مغلوب و ذلیل ہو گا ۔ جیسے اور بڑے بڑے گروہ حق سے ٹکرائے اور پاش پاش ہو گئے ، جیسے اور آیت میں ہے « اَمْ یَقُوْلُوْنَ نَحْنُ جَمِیْعٌ مٰنْتَــصِرٌ سَیُہْزَمُ الْجَمْعُ وَیُوَلٰونَ الدٰبُرَ بَلِ السَّاعَۃُ مَوْعِدُہُمْ وَالسَّاعَۃُ أَدْہَیٰ وَأَمَرٰ» ( 54- القمر : 46-44 ) ، یعنی کیا ان کا قول ہے کہ ہم بڑی جماعت ہیں اور ہم ہی فتح یاب رہیں گے ؟ سنو انہیں ابھی ابھی شکست فاش ہو گی اور پیٹھ دکھاتے ہوئے بزدلی کے ساتھ بدحواس ہو کر بھاگ کھڑے ہوں گے ۔ چنانچہ بدر والے دن اللہ کی فرماں روائی نے اللہ کی باتوں کی سچائی انہیں اپنی آنکھوں سے دکھائی اور ابھی ان کے عذابوں کے وعدے کا دن تو آخرت کا دن ہے جو سخت کڑوا اور نہایت دہشت ناک اور وحشت والا ہے ۔