وَيَقُولُونَ مَتَىٰ هَٰذَا الْفَتْحُ إِن كُنتُمْ صَادِقِينَ
اور کہتے ہیں کہ یہ فیصلہ کب ہوگا، اگر تم سچے ہو تو بتلاؤ۔
نافرمان اپنی بربادی کو آپ بلاوا دیتا ہے کافر اعتراضاً کہا کرتے تھے کہ اے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم تم جو ہمیں کہا کرتے ہو اور اپنے ساتھیوں کو بھی مطمئن کر دیا ہے کہ تم ہم پر فتح پاؤ گے اور ہم سے بدلے لو گے وہ وقت کب آئے گا ؟ ہم تو مدتوں سے تمہیں مغلوب زیر اور بے وقعت دیکھ رہے ہیں ۔ چھپ رہے ہو ڈررہے ہو اگر سچے ہو تو اپنے غلبے کا اور اپنی فتح کا وقت بتاؤ ۔ اللہ فرماتا ہے کہ ’ جب عذاب اللہ آ جائے گا اور جب اس کا غصہ اور غضب اتر پڑتا ہے خواہ دنیا میں ہو خواہ آخرت میں اس وقت نہ تو ایمان نفع دیتا ہے نہ مہلت ملتی ہے ‘ ۔ جیسے فرمان ہے آیت «فَلَمَّا جَاءَتْہُمْ رُسُلُہُم بِالْبَیِّنَاتِ فَرِحُوا بِمَا عِندَہُم مِّنَ الْعِلْمِ وَحَاقَ بِہِم مَّا کَانُوا بِہِ یَسْتَہْزِئُونَ فَلَمَّا رَأَوْا بَأْسَنَا قَالُوا آمَنَّا بِ اللہِ وَحْدَہُ وَکَفَرْنَا بِمَا کُنَّا بِہِ مُشْرِکِینَ فَلَمْ یَکُ یَنفَعُہُمْ إِیمَانُہُمْ لَمَّا رَأَوْا بَأْسَنَا سُنَّتَ اللہِ الَّتِی قَدْ خَلَتْ فِی عِبَادِہِ وَخَسِرَ ہُنَالِکَ الْکَافِرُونَ» ۱؎ (40-غافر:85-83) ، یعنی ’ جب ان کے پاس اللہ کے پیغمبر دلیلیں لے کر آئے تو یہ اپنے پاس کے علم پر نازاں ہونے لگے ‘ ، پوری دو آیتوں تک ، اس سے فتح مکہ مراد نہیں ۔ فتح مکہ والے دن تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کافروں کو اسلام لانا قبول فرمایا تھا اور تقریباً دوہزار آدمی اس دن مسلمان ہوئے تھے ۔ اگر اس آیت میں یہی فتح مکہ مراد ہوتی تو چاہیئے تھا کہ اللہ کے پیغمبر علیہ السلام ان کا اسلام قبول نہ فرماتے جیسے اس آیت میں ہے کہ اس دن کافروں کا اسلام لانا مقبول ہوگا ۔ بلکہ یہاں مراد فتح سے فیصلہ ہے جیسے قرآن میں ہے آیت «فَافْتَحْ بَیْنِیْ وَبَیْنَہُمْ فَتْحًا وَّنَجِّـنِیْ وَمَنْ مَّعِیَ مِنَ الْمُؤْمِنِیْنَ» ۱؎ (26-الشعراء:118) ’ ہمارے درمیان تو فتح کر یعنی فیصلہ کر ‘ ۔ اور جیسے اور مقام پر ہے آیت «قُلْ یَجْمَعُ بَیْـنَنَا رَبٰنَا ثُمَّ یَفْتَـحُ بَیْـنَنَا بالْحَقِّ وَہُوَ الْفَتَّاحُ الْعَلِـیْمُ» ۱؎ (34-سبأ:26) یعنی ’ اللہ تعالیٰ ہمیں جمع کرے گا پھر ہمارے آپس کے فیصلے فرمائے گا ‘ ۔ اور آیت میں ہے «وَاسْتَفْتَحُوْا وَخَابَ کُلٰ جَبَّارٍ عَنِیْدٍ» ۱؎ (14-إبراھیم:15) ’ یہ فیصلہ چاہتے ہیں سرکش ضدی تباہ ہوئے اور جگہ ہے ‘ آیت «وَکَانُوْا مِنْ قَبْلُ یَسْتَفْتِحُوْنَ عَلَی الَّذِیْنَ کَفَرُوْا» ۱؎ (2-البقرۃ:89) ’ اس سے پہلے وہ کافروں پر فتح چاہتے تھے ‘ اور آیت میں فرمان باری ہے «اِنْ تَسـْتَفْتِحُوْا فَقَدْ جَاءَکُمُ الْفَتْحُ» ۱؎ (8-الإنفال:19) ’ اگر تم فیصلے کے آرزومند ہو تو فتح آگئی ‘ ۔ پھر فرماتا ہے ’ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان مشرکین سے بے پرواہ ہوجائیے جو رب نے اتارا ہے اسے پہنچاتے رہیے ‘ ۔ جیسے اور آیت میں ہے کہ « اتَّبِعْ مَا أُوحِیَ إِلَیْکَ مِنْ رَبِّکَ لَا إِلَہَ إِلَّا ہُوَ وَأَعْرِضْ عَنِ الْمُشْرِکِینَ» (6-الأنعام:106) ’ اپنے رب کی وحی کی اتباع کرو اس کے سوا کوئی اور معبود نہیں ‘ ۔ پھر فرمایا ’ تم اپنے رب کے وعدوں کو سچا مان لو اس کی باتیں اٹل ہیں اس کے فرمان سچے ہیں وہ عنقریب تجھے تیرے مخالفین پر غالب کرے گا وہ وعدہ خلافی سے پاک ہے یہ بھی منتظر ہیں ،چاہتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر کوئی آفت آئے لیکن ان کی یہ چاہتیں بے سود ہیں ۔ اللہ تعالیٰ اپنے والوں کو بھولتا نہیں نہ انہیں چھوڑتا ہے بھلا جو رب کے احکام پر جمے رہیں اللہ کی باتیں دوسروں کو پہنچائیں وہ تائید ایزدی سے کیسے محروم کر دئیے جائیں ؟ یہ جو کچھ تم پر دیکھنا چاہتے ہیں وہ ان پر اترے گا بدبختی [ نکبت ] وادبار میں ہائے وائے واویلا میں گرفتار کئے جائیں گے ۔ رب کے عذابوں کا شکار ہونگے ۔ کہدو کہ اللہ ہمیں کافی ہے اور وہی بہترین کارساز ہے ‘ ۔ اللہ کے فضل و کرم سے سورۃ السجدہ کی تفسیر ختم ہوئی ۔ «فالْحَمْدُ لِلّٰہ»